آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں مزید بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : آندھرا پردیش کے ساحل کے قریب مغرب وسطی خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے اثر سے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے کئی مقامات پر آج اوسط اور موسلادھار بارش ہوئی ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں آج رات بھر وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ نصف شب سے قبل موسلادھار بارش کے نتیجہ میں شہر کے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور مصروف سڑکوں پر برساتی پانی جمع ہوجانے کے سبب جھیل جیسا منظر دیکھا گیا ۔ اہم سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت بھی کئی گھنٹوں تک متاثر رہی ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے کئی اضلاع میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ حیدرآباد میں مطلع عام طور پر ابر آلود رہے گا اور بارش کا امکان ہے۔