دوپہر میں غیرضروری طور پر گھر سے نہ نکلنے کمشنر جی ایچ ایم سی کا شہریوں کو مشورہ
حیدرآباد۔29اپریل(سیاست نیوز) کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد دانا کشور آئی اے ایس نے شہرمیں جاری شدید گرمی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں اور دھوپ کے اوقات میں شدید ضرورت کے تحت ہی مکان کے باہر نکلیں۔ دانا کشور نے احتیاطی اقدامات کے سلسلہ میں جاری کردہ اعلامیہ میں شہریوں سے اپیل کی کہ وہ لیمو پانی کے استعمال کے علاوہ چھانچ کے استعمال میں اضافہ کریں ۔پانی اور ناریل پانی کے استعمال کو بڑھائیں تاکہ جسم سے پانی کے اخراج کو معمول کے مطابق رکھا جاسکے۔ انہوں نے ماہرین کی رائے کے ساتھ تیار کردہ اعلامیہ میں شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہلکے رنگوں کے کپڑے زیب تن کیا کریں اور دھوپ میں نکلتے وقت سر کو ڈھانک کر نکلیں۔کمشنر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ موسم گرما کے دوران جسم کی گرمی میں اضـافہ ریکارڈ کیا جاتا ہے اور گرمی کو کم کرنے کیلئے کپڑے کو پانی میں بھگو کر جسم پر لگائیں تاکہ جسم میں موجود گرمی کی تپش میں کمی واقع ہو ۔اوآر ایس اور گلوکوز کے استعمال میں اضافہ کریں اور لو لگنے کیشکار افراد کو فوری راحت پہنچانے کے لئے نمک اور شکر ملائے گئے پانی یا گلوکوز پلایا جائے اور متاثرہ فرد کو ٹھنڈی چھاؤں میں لیجانے کے اقدامات کئے جائیں۔دانا کشور نے کہا کہ اگر متاثرہ شخص کو فوری راحت نہ ملے تو اسے قریبی دواخانہ سے رجوع کیا جائے۔انہوں نے چائے اور کافی کے استعمال کو دھوپ کے اوقات میں ترک کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ گرمی اور دھوپ کے اوقات میں باہر نکلنے سے احتیاط کیا جائے اور اس بات کی کوشش کی جائے کہ گہرے رنگ کے کپڑے نہ پہنیں۔اس کے علاوہ غیر معیاری غذاؤں کے استعمال سے احتیاط کریں کیونکہ غیر معیاری غذاؤں کے استعمال سے جسم متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے اور اسی طرح راست دھوپ میں معمر شہریوں اور بچوں کو پارک گاڑی میں نہ چھوڑیں کیونکہ ایسا کرنے سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے اور راست دھوپ میں کھڑی گاڑیو ںمیں گرمی بڑھتی جاتی ہے۔سر ڈانکے بغیر زیادہ وقت دھوپ میں گذارنے سے احتیاط کریں۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ لو لگنے کیشکار افراد کو فوری مدد کی فراہمی میں کوتاہی نہ کریں اور انہیں قریبی دواخانہ سے فوری رجوع کیا جائے تاکہ انہیں طبی امداد کی فراہمی کے ذریعہ ان کی جان بچائی جا سکے اور انہیں کسی قسم کے نقصان سے بچانے میں مدد کی جائے۔ دانا کشور نے کہا کہ پانی کے استعمال میں کثرت کے علاوہ شہر ٹھنڈے قدرتی مشروبات کے استعمال میں اضافہ کے ذریعہ گرمی کے نقصانات سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔