حیدرآباد۔26ستمبر(سیاست نیوز) حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں آج دوپہر سے قبل اچانک موسلا دھار بارش کے سبب موسم خوشگوار ہوگیا لیکن کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس کے سبب شہریوں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑا تاہم شہر کی مصروف ترین سڑکوں پر جہاں پانی جمع ہوگیا تھا مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عملہ کو بارش کے پانی کی نکاسی کرتے دیکھا گیا۔ دن میں 11بجے کے قریب پرانے شہر کے علاوہ شہر کے کئی علاقوں میں مطلع اچانک ابر آلود ہوگیا اور کچھ ہی دیر میں اچانک موسلادھار بارش شروع ہوگئی جس کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔ چارمینار‘ ملک پیٹ‘ خیریت آباد‘ مشیر آباد‘ جوبلی ہلز ‘ حیات نگر‘ عطا پور‘ سرور نگر ‘بیگم پیٹ اور گوشہ محل کے علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ۔ شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں آئندہ 48 گھنٹے کے دوران بھی شدید بارش کا امکان ہے ۔