شہر اور اضلاع میں گرمی برقرار آئندہ ماہ معمول سے زیادہ بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : جاریہ ماہ بارش بہت ہوئی ہے اور ماہ کے ختم تک بھی بارش کے آثار نہیں ہیں ۔ دفتر موسمیات کے بموجب ختم اگست تک موسم خشک رہے گا حالانکہ پہلے یہ پیش قیاسی کی گئی تھی کہ اس عرصہ میں بارش ہوگی ۔ اسکائی میٹ نے قبل ازیں حسب معمول بارش ہونے کی پیش قیاسی کی تھی ۔ بعد میں اس پر نظر ثانی کی گئی ۔ پہلے یہ کہا گیا تھا کہ 1.9 فیصد بارش ہوگی ۔ 17 اگست کو ختم ہوئے ہفتہ کے دوران تلنگانہ کے تمام اضلاع میں ناکافی بارش ہوئی اور اعظم ترین درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہے ۔ کل حیدرآباد شہر میں درجہ حرارت 35 اعشاریہ ایک ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ جو معمول سے 5 ڈگری زیادہ ہے ۔ ریاست کے دوسرے مقامات پر بھی درجہ حرارت 35 ڈگری سے زیادہ ہے ۔ دفتر موسمیات نے ختم ماہ تک موسم خشک رہنے کی پیش قیاسی کی ہے ۔ ستمبر کے پہلے ہفتہ میں ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے ۔ آئندہ ہفتہ کے دوران اعظم ترین درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ اسکائی میٹ نے ستمبر میں معمول سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے اس طرح اگست میں ناکافی بارش کی ستمبر میں زائد بارش سے تلافی ہوگی ۔ ماہ اگست تقریبا خشک رہا ۔۔