جی ایچ ایم سی کی تین مرتبہ عوام سے اپیل ، کمشنر بلدیہ کا کئی علاقوں کا دورہ
حیدرآباد ۔ 31اگسٹ (سیاست نیوز) ڈاکٹر جناردھن ریڈی کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ہر گھنٹہ شہریوں سے بلا ضرورت باہر نہ نکلنے کی اپیل تین مرتبہ کی گئی جس سے شہر کی سڑکوں کی حالت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ ابتدائی دو گھنٹوں کی بارش کے ساتھ ہی کمشنر بلدیہ کی جانب سے صبح 8بجے پہلی مرتبہ اپیل کی گئی کہ وہ بلا کسی شدید ضرورت کے ایک گھنٹہ تک باہر نہ نکلیں لیکن ایک گھنٹہ بعد دوبارہ ڈاکٹر جناردھن ریڈی کی اپیل نے شہریوں کو تشویش میں مبتلاء کرنا شروع کردیا اور اسی دوران محکمۂ ٹریفک پولیس کی جانب سے بھی سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کا استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو مختلف سڑکوں کی صورتحال سے آگاہ کروایا جاتا رہا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بھی مختلف ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے عوام کو چوکنا کرنے کے اقدامات مسلسل جاری رہے اور تیسری مرتبہ کمشنر نے مزید ایک گھنٹے تک بارش میں نہ نکلنے کی اپیل کرتے ہوئے بلدی عہدیداروں اور ملازمین کی سرگرمیوں کو اطلاعات بذریعہ سوشل میڈیا روانہ کرنی شروع کردی۔ بارش کے دوران کمشنر بلدیہ نے صفائی عملہ اور ایمرجنسی اسکواڈ کو ہدایات جاری کیں کہ وہ صفائی کے دوران مین ہول کھلے نہ چھوڑیں اور پانی کی نکاسی کیلئے مین ہول کے ڈھکن نہ ہٹائے جائیں ۔کمشنر بلدیہ نے شہر کے کئی علاقوں کا شخصی طور پر ماتحتین کے ہمراہ پانی کی نکاسی کے عمل کا جائزہ لینے کے بعد عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ چند گھنٹوں کے لئے بلاضرورت شدید گھروں سے باہر نہ نکلیں۔