کرغزستان میں 13اور 14جون کو شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن چوٹی کانفرنس میں وزیراعظم مودی کی شرکت
اسلام آباد ؍ نئی دہلی۔6جون ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی آئندہ ہفتہ شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے کرغزستان کے دارالحکومت بھشکیک روانہ ہوں گے ۔ اس چوٹی کانفرنس کے موقع پر توقع کی جارہی تھی کہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے درمیان ملاقات ہوگی لیکن اب ذرائع نے بتایا کہ ایس سی او چوٹی کانفرنس میں دونوں ہند۔پاک وزرائے اعظم کی ملاقات کا امکان نہیں ہے ۔ وزیراعظم مودی نے اپنے دورہ کے موقع پر وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کا منصوبہ نہیں بنایا ہے ۔ 13اور 14جون کوکرغزستان کے دارالحکومت بھشکیک میں منعقد ہونے والی شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن میں شرکت کیلئے وزیراعظم نریندر مودی روانہ ہوں گے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے بتایا کہ جہاں تک مجھے علم ہے اس کانفرنس کے موقع پر دونوں ملکوں ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات نہیں ہوگی۔ توقع کی جارہی تھی کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے سربراہ اس کانفرنس سے استفادہ کرتے ہوئے باہمی ملاقات کریں گے اور مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ حال ہی میں وزیراعظم نریندر مودی کی دوسری میعاد کیلئے حلف لینے کے بعد وزیراعظم پاکستان عمران خان نے مبارکبادی کاپیام دیا تھا ۔