اقوام متحدہ ۔ 5اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ نے بھی شمالی کوریا کے نیوکلیئرپروگرام کے خاتمے کے لیے کوششوں کو غیر سنجیدہ اور ناکافی قرار دے دیا۔ اقوام متحدہ کے ماہرین نے شمالی کوریا کے نیوکلیئرپروگرام کے جاری رہنے سے متعلق اقوام متحدہ کو اپنی رپورٹ پیش کردی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا نیوکلیئرپروگرام کو تلف کرنے سے متعلق گمراہ کن خبریں پھیلا رہا ہے۔ تحقیقی ٹیم کو جوہری پروگرام بند کرنے کے ایسے ثبوت نہیں ملے جو شمالی کوریا کے دعووں کی تائید کرتے ہوں۔قبل ازیں امریکی خفیہ اداروں نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ شمالی کوریا نے امریکہ سے کیے گئے معاہدے کے باوجود میزائل پروگرام کو جاری رکھا ہوا ہے اور اس حوالے سے شمالی کوریا کی اب تک کی کاوشیں درست سمت میں نہیں جس سے محسوس ہوتا ہے کہ شمالی کوریا معاہدے پر عمل درآمدسے گریز کر رہا ہے۔ رواں برس 12 جون کو امریکی صدر ٹرمپ اور کم جونگ اْن کے درمیان تاریخی ملاقات میں شمالی کوریا نے اپنے جوہری منصوبوں کو تلف کرنے کی ہامی بھری تھی۔ عالمی برداری بھی شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل پروگراموں کو علاقائی اور عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیتی ہے جب کہ سلامتی کونسل نے بھی شمالی کوریا پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔