واشنگٹن ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے نومنتخبہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکی شہریوں کو یہ تیقن دیا ہیکہ شمالی کوریا ایسے کسی بالسٹک میزائیل کا ٹسٹ نہیں کرے گا جو امریکہ تک پہنچ سکتا ہو۔ یاد رہیکہ صرف ایک روز قبل شمالی کوریا کے قائد کم جونگ اون نے ٹیلیویژن پر نئے سال کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران اعلان کیا تھا کہ ملک بالسٹک میزائیل کی تیاری کے آخری مرحلہ میں پہنچ گیا ہے جس کی رسائی امریکہ تک ہوگی۔ یہ کہہ کر شاید انہوں نے ٹرمپ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی تھی لیکن جیسا کہ شمالی کوریا کو امید تھی ٹرمپ نے بالکل ویسا ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی عوام کو فکرمند ہونے کی قطعی ضرورت نہیں ہے کیونکہ شمالی کوریا نے صرف میزائیل کی تیاری کے آخری مراحل میں ہونے کا تذکرہ کیا ہے جو حقیقت کا روپ اختیار نہیں کرے گا۔ البتہ ٹرمپ کے بیان سے یہ معلوم کرنا مشکل تھا کہ آیا وہ شمالی کوریا کے بالسٹک میزائیل تیار کرنے کی صلاحیتوں پر شبہ کررہے تھے یا اس کی روک تھام کس طرح کی جائے اس کی تیاری کررہے تھے کیونکہ دشمن چاہے جیسا بھی ہو اس کو کمزور سمجھنا غیردانشمندی کہلاتی ہے۔ لہٰذا ٹرمپ کے ردعمل کو محتاط انداز میں دیئے جانے والے بیان سے تعبیر کیا جارہا ہے۔ یاد رہیکہ ڈونالڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکہ کے 45 ویں صدر کی حیثیت سے حلف لیں گے۔
باغیوں کی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی وجہ سے بات چیت مسدود
عمان، 03جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شام میں باغیوں نے شامی حکومت اور اسکی حمایت والی اتحادی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بعد شام امن معاہدے میں شامل ہونے کے لئے کسی بھی طرح کی بات چیت بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔کل جاری ایک بیان کے مطابق باغی گروپوں نے کہا کہ شامی حکومت اور اس کی اتحادی فوج مسلسل فائرنگ کر رہی ہے اور کئی بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے ۔بیان کے مطابق جنگ بندی کی خلاف ورزی دمشق کے وادی برادہ علاقے میں کی گئی ۔باغیوں نے کہا کہ فوج پھر سے علاقے پر قبضہ کرنا چاہتی ہے ۔یاد رہیکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ہفتہ کو ہوئے جنگ بندی معاہدہ کی ستائش کی تھی۔
امریکی انتخابات میں روس کی ہیکنگ
کا کوئی ثبوت نہیں: ٹرمپ ترجمان
واشنگٹن، 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ڈونالڈ ٹرمپ کے ترجمان نے آج کہا کہ امریکہ میں ہوئے صدارتی انتخابات میں روس کی جانب سے ہیکنگ کا اب تک کوئی واضح ثبوت نہیں ملا ہے اور انٹیلی جنس کی قطعی رپورٹ ملنے سے قبل کسی نتیجے پر پہنچنا غیر ذمہ دارانہ عمل ہوگا۔ڈونالڈ ٹرمپ کے ترجمان سین اسپیسر نے فاکس نیوز سے کہاکہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ انہوں نے انتخابات کو متاثر کیا ہے ۔ مسٹر ٹرمپ 20 جنوری سے وائٹ ہاؤس میں کام کاج شروع کرنے کے بعد انٹیلی جنس رپورٹ کو دیکھیں گے ۔انہوں نے ہفتہ کو امریکہ کے ای ۔میل ہیکنگ معاملے پر روس کو قبل از وقت ذمہ دار ٹھہرانے پر خبردار کیا۔مسٹرا سپیسر نے بتایا کہ بغیر تفتیش مکمل ہوئے ہی قطعی نتیجے پر پہنچنا غیر ذمہ دارانہ عمل ہوگا۔یاد رہیکہ صدر براک اوباما نے روس کے 35 سفارتکاروں کو جاسوسی کرنے کے الزام میں برطرف کر دیا تھا اور روس کی دو انٹیلی جنس ایجنسیوں پر پابندی لگا دی تھی۔
ٹرمپ کا ٹوئیٹ شمالی کوریا کیلئے واضح انتباہ : جنوبی کوریا
سیول ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا نے آج امریکی نومنتخبہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی درپردہ ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شمالی کوریا کے ’’بالسٹک میزائیل‘‘ سے متعلق جو ٹوئیٹ کیا ہے وہ شمالی کوریا کے لئے ایک وارننگ ہے۔ یاد رہیکہ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے بالسٹک میزائیل تیار کرنے کے دعوے کو یہ کہہ کر مسترد کردیا کہ شمالی کوریا بالسٹک میزائیل کی تیاری کے قطعی مراحل میں ہے جو امریکہ تک پہنچ سکتا ہے مگر حقیقت میں ایسا ہوگا نہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ امریکہ ابتداء سے ہی اپنے موقف پر اٹل ہیکہ وہ شمالی کوریا کو نیوکلیئر توانائی کے حامل ملک کی حیثیت سے کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔