شفاف رائے دہی کو یقینی بنانے C-vigil ایپ سے مدد

عوام کسی خوف کے بغیر شکایت کرسکتے ہیں۔ ڈائیل 100 کے علاوہ ٹال فری نمبر بھی دستیاب
حیدرآباد 6 ڈسمبر (سیاست نیوز) پرامن اور شفاف رائے دہی کو یقینی بنانے الیکشن کمیشن نے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ ایک طرف بڑے پیمانے پر صیانتی انتظامات اور بوگس رائے دہی کو روکنے اقدامات کئے گئے تو دوسری طرف عوام کو اس میں حصہ دار بنادیا ہے۔ حکام کی لاپرواہی اور جانبداری کے الزامات کو اب عوام ثبوت کے ساتھ پیش کرسکتے ہیں۔ عوام کو کسی قسم کی زبردستی، ظلم و زیادتی کو بیان کرنے میں زبان و بیان کی ضرورت نہیں ہوگی۔ معروف سرچنگ سائیٹ گلوگل پلے اسٹور سے ایک ایپ
C-vigil
کو ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا۔ ’سی ویجیل‘ نامی اس ایپ سے شہری کسی بھی قسم کی شکایت کو پیش کرسکتے ہیں اور عہدیداروں کا دعویٰ ہے کہ اس ایپ سے حاصل شکایت پر آدھے گھنٹے میں کارروائی کا آغاز ہوجائیگا۔ ایپ کے ذریعہ عوام سیاسی قائدین کی زبردستی‘ جبر‘ ظلم و زیادتی یا پھر ان حرکتوں پر خاموشی اختیار کرنے والے ارباب مجاز، پولیس ‘الیکشن ڈیوٹی پر معمور عملہ یا کسی کے خلاف شکایت بڑی آسانی سے اور نڈر انداز میں کرسکتے ہیں۔ اس اپلیکیشن کو عوامی خدمت اور عوامی مفاد میں بہترین اقدام تصور کیا جارہا ہے ۔ اس ایپ کی ایک اور خصوصیت یہ ہے کہ اس پر شکایت کا راست مشاہدہ، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر، چیف الیکشن آفیسر اور الیکشن کمیشن کے ذمہ دار کریں گے۔ اس کے ذریعہ عوام 30 سیکنڈ تک کا ویڈیو بھی روانہ کرسکتے ہیں۔ جبکہ اس ایپ سے کی گئی شکایت پر فوری اثر سے اقدامات ہوں گے ۔ اندرون دو گھنٹے کارروائی کی جائے گی۔ یہ اپلیکیشن گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے۔ شہری اپنی انگلیوں کے اشارے سے خاموش انداز میں شکایت کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ٹال فری نمبر بھی جاری کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کی جانب سے کال سنٹرس بھی کام کریں گے۔ عوام کسی بھی شکایت اور ایمرجنسی پر ڈائیل 100 پر فون کرسکتے ہیں۔ ٹال فری نمبر 18005992999 ۔یہ ٹال فری شہر کے 15 حلقوں کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ جبکہ کال سنٹر بھی 15 اسمبلی حلقوں سے متعلق شکایتوں اور سہولیات کیلئے رہیگا جس کا نمبر 040-21111111 ہے۔