شری روی شنکر کوشام پسند ہے تو وہ وہیں چلے جائیں:ڈاکٹر دانش رضوان
پٹنہ : جنتا د ل متحدہ کے قومی جنرل سکریٹری او ربہار قانون ساز کے رکن غلام رسول بلیاوی نے بابری مسجد کے تعلق سے دئے گئے شری شری روی شنکر بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بابری مسجد کا مقدمہ عدالت میں زیر غور ہے۔اس لئے اس کا فیصلہ آنے تک اس کا انتظار کیا جانا چاہئے۔غلام رسول بلیاوی نے کہا کہ بابری مسجد جیسے حساس معاملہ میں سیاست کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔او رکہا کہ ہندوستا ن کے عدالتی نظام پر لوگوں کوبھروسہ ہے انہیں عدالت کا فیصلہ آنے تک کا انتظار کرنا چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ ہندوستان کا نظام عدل اتنا شفاف ہے کہ دنیا میں اسکی مثال دی جاتی ہے۔بابری مسجد کے مقدمے میں عدالت دستاویزی ثبوتوں کی بنیاد پر فیصلہ سنائے گی۔اس لئے چاہے شری روی شنکر ہو یا سلمان ندوی ہو یا کوئی اور کسی کوبھی عدالت کے زیر غور معاملوں میں مداخلت کا حق نہیں ہے ۔ایسے حساس مسئلوں میں ملک کو گمراہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا نی چا ہئے۔
غلام رسول نے اس کے ساتھ شری روری شنکر کے بیا ن کی مذمت کی ہے ۔ روی شنکر نے کہا تھا کہ بابری مسجد کا مسئلہ نہیں سلجھایاگیا تو ہندوستان میں شام کے جیسے حالات پیدا ہوجائیں گے۔انھوں نے کہا کہ روی شنکر کا بیان یکطرفہ اور عدالت کو چیلنج کرنے والاہے۔
ایسے افراد سے عوام کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔اس دوران ہندوستانی عوام مورچہ سکیوکر کے قومی ترجمان ڈاکٹر دانش رضوان نے بھی شری روی شنکر کے بیان کی سخت مذمت کی ہے۔او رکہاکہ بھارت کو کبھی شام بننے نہیں دیں گے۔شری روی شنکر کوشام پسند ہے تو وہ وہیں چلے جائیں۔روی شنکر ملک کو توڑنے کی بات کر رہے
ہیں جسے کسی بھی حال میں برداشت نہیں کیا جاسکتا۔