پاکستانی جوتا ساز کو جیل ، وائیلڈ لائف قانون کے تحت کارروائی
پشاور ۔27اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ سوپر اسٹار شاہ رخ خان کیلئے ہرن کے چمڑے کی پشاوری چپل بنانا ایک پاکستانی پرستار کے لئے مہنگا پڑا ۔ وائیلڈ لائف حکام نے اس پاکستانی جوتا ساز ( موچی ) کو جیل میں ڈال دیاہے ۔ اخبارات میں جیسے ہی یہ خبر عام ہوئی کہ پشاور کے موچی نے بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے لئے ہرن کے چمرے کی پشاوری چپل (سینڈلس) تیار کی ہے تو حکام حرکت میں آگئے ۔ رپورٹس کے مطابق پشاور میں رہنے والے شاہ رخ کے چچازاد بھائی نے گزشتہ جمعہ اس جوتا ساز جہانگیر خان سے مل کر شاہ رخ خان کے لئے پشاوری چپل تیار کرنے کیلئے کہا تھا ۔ بظاہر جہانگیر خاں بھی شاہ رخ کا بہت بڑا پرستار ہے ۔ اس نے فیصلہ کیا کہ وہ بالی ووڈ اسٹار کو ایک خصوصی توجہ دے گا ۔ مقامی پولیس عہدیدار کے مطابق اس پشاوری موچی نے شاہ رخ کیلئے ہرن کے چمڑے کی سینڈلس تیار کی۔ جیسے ہی یہ خبر عام ہوئی وائیلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے پولیس سے رابطہ قائم کیا اور ایک شکایت درج کروائی ۔ اس کے بعد ہم حرکت میں آگئے اور جہانگیر کو حراست میں لے کر سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا۔ پشاور میں وائیلڈ لائف عہدیدار نے کہاکہ تحقیقات جاری ہیں اگر تحقیقات میں یہ پتہ چلے کہ آیا چپل بنانے کیلئے واقعی ہرن کی کھال استعمال کی گئی ہے تو جہانگیر خاں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ اگر اس نے ہرن کی کھال کا استعمال کیا ہے تو اس پر جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ وائیلڈ لائف قوانین کے تحت جیل بھی ہوگی ۔ پاکستان میں شاہ رخ خاں بے حد مقبول ہیں۔