اسرو کا غیرمعمولی کارنامہ، الجیریا، امریکہ اور کینیڈا کے سٹلائیٹ بھی شامل
سری ہری کوٹہ ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے لانچ وہیکل اسٹیشن پی ایس ایل وی سے آج دو گھنٹے طویل اب تک کے سب سے بڑے مشن کو کامیابی کے ساتھ پائے تکمیل تک پہنچایا گیا۔ ملک کے SCATSAT-1 اور دیگر ممالک کے پانچ سٹلائیٹس کامیابی کے ساتھ دو مختلف مداروں میں داخل کئے گئے۔ اس طرح انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) نے اہم ترین سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ سٹلائیٹس کو مختلف مدار میں داخل کرنے کیلئے دو چوتھے مرحلہ کے انجن دوبارہ شروع کئے گئے۔ اسکاٹ سٹ ۔ 1 دراصل 371 کیلو گرام وزنی ابتدائی سٹلائیٹ ہے۔ یہ 44.4 میٹر طویل ہے اور اسے خلائی اسٹیشن سے 9:12 بجے صبح مدار کیلئے داغا گیا۔ اس کے بعد دیگر سٹلائیٹس کو دو گھنٹے اور 15 منٹ کے بعد داغا گیا۔ پی ایس ایل وی کے ذریعہ پہنچائے جانے والے 15 ویں پے لوڈ کا مجموعی وزن تقریباً 675 کیلو رہا۔ اسکاٹ سٹ۔ 1 کے علاوہ دیگر سٹلائیٹس جو مدار میں داخل کئے گئے ان میں دو انڈین یونیورسٹی سٹلائیٹس پراتھم اور پی سیٹ ہیں۔ اس کے علاوہ الجیریا کے تین اور امریکہ و کینیڈا کے فی کس ایک سٹلائٹ بھی داغے گئے۔ اسرو نے بتایا کہ اسکاٹ سٹ۔ 1 ایک مسلسل جاری رہنے والا مشن ہے جس کے ذڑیعہ موسمی پیش قیاسی، طوفان کا پتہ چلانے اور استفادہ کنندگان کو راستہ بتانے جیسی خدمات کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ اس سٹلائیٹ کی کارکردگی 5 سال ہے۔ اسرو کے صدرنشین اے ایس کرن کمار نے سائنسدانوں کو مبارکباد دی اور اس کامیابی کو تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکاٹ سٹ سے ڈاٹا اندرون 180 منٹ موصول ہونا شروع ہوجائے گا۔ تقریباً 2 گھنٹے کے بعد سارا مشن دوبارہ شروع کردیا گیا اور اسے کامیابی کے ساتھ پائے تکمیل کو پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرو کی ساری ٹیم نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کیلئے وہ قابل مبارکباد ہیں۔ آج کا دن ہمارے لئے تاریخی اہمیت کا حامل رہا۔ ہم 8 سٹلائیٹس کو داغنے میںکامیاب رہے۔ وکرم سارا بھائی اسپیس سنٹر کے ڈائرکٹر کے سیوان نے کہا کہ یہ ایک غیرمعمولی مشن ہے اور یہ اب تک کا سب سے طویل مشن بھی رہا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کے سٹلائیٹس بھی مقررہ مدار میں پہنچائے گئے اور یہ کام کامیابی کے ساتھ پورا کیا گیا۔ اسرو کی جانب سے مستقبل کے منصوبوں پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے تاریخی جی ایس ایل وی مارک III مشن کا منصوب بنایا ہے اس کے علاوہ ہم انسانوں کو بھی خلاء میں بھیجنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ ستیش دھون اسپیس سنٹر کے ڈائرکٹر کے کرشنن نے کہا کہ پی ایس ایل وی کے ذریعہ ایک غیرمعمولی مشن کو پائے تکمیل تک پہنچایا گیا۔ اتفاقی پہلو یہ بھی رہا کہ جاریہ سال اسرو کی آٹھویں لانچنگ کے موقع پر 8 سٹلائیٹس مدار میں داخل کئے گئے۔