نئی دہلی 30مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کرائم برانچ نے سی بی ایس ای کنٹرولر آف ایکزامنیشن کے ساتھ بورڈ کے دسویں جماعت کے پرچہ ریاضی اور بارہویں جماعت کے پرچہ معاشیات کے افشاء کے سلسلے میں بات چیت کی ہے اور اس کے علاوہ مزید دس افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ۔ پولیس نے آج کہا کہ سی بی ایس ای کے مطابق اس کے چیرپرسن کو امتحان سے ایک روز قبل دسویں جماعت کے پرچہ ریاضی کے افشاء سے متعلق ای میل وصول ہوا تھا ۔ ریاضی اور معاشیات کے امتحانات ترتیب وار 28 مارچ اور 26 مارچ کو منعقد کئے گئے تھے ۔ پولیس نے کہاکہ گزشتہ روز سے 35 افراد سے پوچھ تاچھ کی جاچکی ہے جن میں ایک کوچنگ سنٹر کا مالک ، 18اسٹوڈنٹس اور بعض ٹیوٹرس شامل ہیں۔ اس کیس کی تحقیقات سے واقف ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ پولیس حکام نے سی بی ایس ای کنٹرولر آف ایکزامنیشن سے دو گھنٹے بات چیت کی جس میں سمجھا جاتا ہے کہ امتحانات کے انعقاد کے طریقہ کار کی بابت جانکاری حاصل کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ پیپر کس طرح ترتیب دیا جاتا ہے ، پرچہ سوالات کہاں رکھے جاتے ہیں اور مختلف امتحانی مراکز کو ان کی تقسیم کس طرح عمل میں آتی ہے … اس طرح کی تفصیلات معلوم کی گئی ۔ دہلی پولیس نے اس معاملے میں دو مقدمات درج کر رکھے ہیں ۔ پہلا کیس اکنامکس پیپرس کے افشاء سے متعلق ہے جو 27 مارچ کو درج کرایا گیا اور میاتھ میٹکس کے پرچہ سے متعلق کیس 28 مارچ کو درج کرایا گیا ۔ اس دوران ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سسوڈیا نے مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل پرکاش جاؤڈیکر سے اپیل کی کہ سی بی ایس ای افشاء معاملے کے تناظر میں تمام ریاستوں کے وزرائے تعلیم کی میٹنگ طلب کریںتاکہ اس طرح کا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے۔
12 ویں جماعت کے پرچہ معاشیات کا
25 اپریل کو مکرر امتحان
نئی دہلی 30مارچ (سیاست ڈاٹ کام) معتمد تعلیم انیل سواروپ نے کہا ہے کہ سی بی ایس ای 12 ویں جماعت کے پرچہ معاشیات کا مکرر امتحان 25 اپریل کو ہوگا جبکہ 10 ویں جماعت کے ریاضی کا مکرر امتحان توقع ہے کہ جولائی میں منعقد کیا جائے گا ۔ انھوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ 10و یں جماعت کے پرچہ ریاضی کا افشاء صرف دہلی اور ہریانہ تک محدود تھا ۔ بیرون ہند اس کا افشاء نہیں ہوا چنانچہ بیرون ملک اس کا مکرر امتحان نہیں ہوگا ۔