سیکولرازم کا مطلب ہر ایک کو مساوی حقوق : اردغان

زغریب ۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے صدر رجب اردغان اس وقت کروشیا کے سرکاری دورہ پر ہیں، تاہم یہاں صحافیوں سے ملاقات پروگرام میں ان سے پوچھے گئے سوالات ایک مباحثہ میں تبدیل ہوگئے کیونکہ کچھ عرصہ قبل ترکی پارلیمنٹ کے اسپیکر اسمعیل قہرمن نے کہا تھا کہ ترک آئین سیکولرازم کی شق شامل نہ کی جائے جس کے بعد ناقدین کو اس موضوع پر اچھی خاصی بحث کرنے کا موقع مل گیا تھا۔ تاہم اردغان نے بھی موقع کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے سیکولرازم کی تعریف اس انداز میں بیان کی کہ کوئی بھی لب کشائی کی جرأت نہیں کرسکا۔ انہوں نے کہا کہ سیکولرازم ہی وہ واحد طرزحکومت ہے جس کے ذریعہ ملک میں ہر مذہب کے ماننے والوں کو یکساں حقوق حاصل ہوئے ہیں۔ کوئی فرد یا مذہب کسی دیگر فرد یا مذہب سے برتر نہیں ہوتا۔ اردغان نے اس سلسلہ میں 2011ء میں اخوان المسلمین کے عہدیداروں سے اپنے خطاب کی یاد بھی تازہ کی جہاں انہوں نے یہی بات کہی تھی جو سیکولرازم کی تعریف میں یہاں کہی۔ ترکی کا آئین حکمراں جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی نے تیار کیا ہے۔ بہرحال قہرمن کا تذکرہ اس لئے کیا گیا کہ انہوں نے دنیا کی دیگر جمہوریتوں اور وہاں موجود سیکولرزم کا تقابلی جائزہ لیا تھا اور بعدازاں اپنی رائے پیش کی تھی۔