سیمانچل ایکسپریس کی 11 بوگیاں پٹری سے اُتر گئیں،7 ہلاک

۔29 زخمی ، بہار میں حادثہ، مہلوکین کے خاندانوں کو فی کس پانچ لاکھ ایکس گریشیا

سونپور۔ /3 فروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار کے ضلع وائیشالی میں دہلی جانے والی سیمانچل ایکسپریس کی 11 بوگیاں پٹری سے اُتر گئیں جس کے نتیجہ میں کم سے کم سات افراد ہلاک اور دیگر 29 زخمی ہوگئے۔ ریلوے اور پولیس عہدیداروں نے کہا کہ 12387 جو گیانی ۔آنند و بہار سیمانچل ایکسپریس بہار کے ضلع کشن گنج کے گاؤں جوگیانی سے روانہ ہوئی تھی اور 4 بجے شب حادثہ سے دوچار ہوگئی۔ بادی النظر میں پٹریوں میں شگاف پڑ جانے کے سبب یہ ٹرین پٹری سے اُتر گئی تھی۔ ایسٹ سنٹرل زون کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر راجیش کمار نے کہا کہ سونپورڈیویژن میں ما نگر روڈ کے قریب سہادائی ٹراک میں یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک جنرل کوچ، ایک اے سی کوچ ،ایک بی3 ، تین سلیپر کوچس، 5، 8، ایس ۔9 ، ایس 10اور دیگر چھ کوچس پٹری سے اُتر گئے تھے۔ پرنسپال سکریٹری محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ہرتیا کے امرت نے کہا کہ اس حادثہ میں سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ گورنمنٹ ریلوے پولیس ( جی آر پی ) نے کہا کہ ان کی شناخت 66 سالہ ایلچا دیوی ، 60 سالہ اندرا دیو، 25 سالہ شمس الدین عالم، 17 سالہ انصار عالم، 40 سالہ شاہدہ خاتون اور 60 سالہ سدرشن دا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس حادثہ میں 27افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دو کی حالت تشویشناک ہے۔ دیگر 27 معمولی طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ وزیر ریلوے پیوش گوئل نے مہلوکین کے خاندانوں کو فی کس پانچ لاکھ روپئے، شدید زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ روپئے اور معمولی زخمیوں کو55,000 روپئے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

احمد آباد ایرپورٹ میں بم کی جھوٹی اطلاع
احمد آباد۔/3فروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات کے احمد آباد ایر پورٹ میں بم رکھنے کی اطلاع کے بارے میں ممبئی کے ایک ایر لائن آفس کوکیا جانے والا ٹیلی فون کال جھوٹا ثابت ہوا۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ کسی نامعلوم شخص نے ممبئی میں ایر انڈیا کے دفتر کو فون کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا تھا کہ احمد آباد ایر پورٹ کے بین الاقوامی ٹرمینل میں ایک بم رکھا گیا ہے ۔ بعد ازاںاس ایر لائن آفس میں صبح کی اولین ساعتوں میں موصول ہونے والے دھمکی آمیز کال کی اطلاع ایر پورٹ حکام کو دی ۔ جس کے فوری بعد بم کے خطرات کا تخمینہ کرنے والی کمیٹی ( بی ٹی اے سی ) کا اجلاس منعد ہوا جس میں مختلف اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ تاہم بعد تلاشی یہ اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی۔