’سیاست‘ کوسچن بنک کی مدد سے یس یس سی نتائج کے فیصد میں اضافہ

ماضی کو دیکھ کر مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے مسلمانوں کو مشورہ ‘ رسم اجرائی تقریب سے جناب زاہد علی خان اور اے آر شروانی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 2جنوری ( سیاست نیوز) آج سرپرست اپنے بچوں کی تعلیم اور مستقبل کیلئے فکرمند ہیں ۔ ایس ایس سی کے نتائج میں گذشتہ برسوں سے کامیابی کے تناسب میں جو اضافہ ہورہا ہے اس میں ’’سیاست‘‘ کا یہ کوئسچن بنک کافی مددگار ثابت ہوا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب زاہد علی خان ایڈیٹر ’’سیاست‘‘ نے یہاں ایس ایس سی انگلش میڈیم کوئسچن بنک کی رسم اجرائی انجام دیتے ہوئے محبوب حسین جگر ہال میں طلبہ اور سرپرستوں کے کثیر اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ آج سے پندرہ ‘ سولہ برس قبل جب ایس ایس سی کے نتائج بہت کم آرہے تھے اور بعض سرکاری اسکولس اور اردو میڈیم کے اسکول صفر نتیجہ پیش کررہے تھے تب روزنامہ ’’سیاست‘‘ نے ایس ایس سی کوئسچن بنک کی مفت اشاعت کا بیڑہ اٹھایا اور اردو میڈیم کے ساتھ ایس ایس سی زبان دوم تلگو اور انگلش میڈیم کے امتحانی نمونہ سوالات کے مطابق کتب کی اشاعت کا سلسلہ شروع کیا گیا ‘ جو ہر سال پابندی کے ساتھ جاری ہے اور اس سے کامیابی کے فیصدتناسب میں بہت اضافہ ہوا ہے ۔ 50فیصد سے بڑھ کر 80فیصد طلبہ آج انہی گائیڈس سے استفادہ کرتے ہوئے کامیاب ہورہے ہیں ۔ انہوں نے سلسلہ تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ طلبہ اپنے مستقبل کا کریئر بنانے کیلئے صرف ڈاکٹر یا انجنیئر ہی کو نہ اپنائیں ‘ پیرامیڈیکل شعبہ میں نرسیس ‘ کمپیوٹر جو آج کی ضرورت ہے اور دیگر شعبہ جات میں بھی کافی شاندار کریئر کے مواقع ہیں ۔ اسکولی طلبہ کو انفرادی طور پر یہ گائیڈ بالکل مفت حاصل کرتے ہوئے اس سے بھرپور استفادہ کی اپیل کی ۔ دہلی سے تشریف لائے مہمان خصوصی ماہر تعلیم اے آر شروانی نے اپنی تقریر میں ادارہ ’’سیاست‘‘ کے مختلف شعبہ جات میں کئے جانے والے خدمات کی پُرزور ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس کی نظیر ملک بھر میں نہیں مل سکتی ۔ انہوں نے بانی ایڈیٹر ’’سیاست‘‘ جناب عابد علی خان مرحوم سے اپنی رفاقت کے حوالہ سے کہا کہ سیاست صرف اخبار ہی نہیں ایک تحریک ہے اور اردو صحافت میں اس کو ستون اول کا ملک بھر میں مقام حاصل ہے ۔ انہوں نے مسلم قوم کو دیگر ابنائے وطن کے شانہ بہ شانہ چلنے کا مشورہ دیتے ہوئے اپنے ماضی کو دیکھ کر مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے اور کامیابی کی شرح میں اضافہ اور اس کو دوسرے سے تقابل کرنے کا مشورہ دیا ۔ ہندوستان میں مسلمانوں کی جو آبادی ہے وہ دنیا کے 20اسلامی ممالک کے تعداد کے مساوی ہے ۔ انہوں نے ہندوستانی مسلمانوں کو اچھا ہندوستانی شہری ثابت کرتے ہوئے ترقی کرنے کا مشورہ دیا ۔ جناب احمد بشیر الدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے ایس ایس سی کوئسچن بنک کی اشاعت کے 16سالہ سلسلہ کو جاری رکھنے پر اساتذہ سے اظہار تشکر کیا ۔ مسرزنعیم اللہ شریف ‘ خلیل الرحمن ‘ پروفیسر مسعود احمد خان ‘ مسٹر ایس ایم فاروق نے بھی مخاطب کیا ۔ اس موقع پر محمد معید ‘ محمد مستان و دیگر ذمہ داران مدارس موجود تھے ۔ اے آر شروانی کے ہاتھوں اساتذہ کی شال پوشی کی گئی ۔ جلسہ کا آغاز محمد جلیل کی قرات اور عرشیہ فاطمہ کی نعت سے ہوا ۔ ایم اے حمید نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور شکریہ ادا کیا ۔