مراد آباد : پارلیمانی انتخابات کیلئے زمین کو ہموار کرنے مراد آباد میں سماج وادی پارٹی کے قد آور لیڈر موجودہ رامپور کے ایم ایل اے سابق کابینہ وزیر او رمولانا محمد علی جوہر یونیورسٹی کے وائس چانسلر محمد اعظم خان مراد آباد مسلم ڈگری کالج میں منعقد ایک پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے ۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے ملک کے حالات پر تشویش کا اظہار کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اب انصاف دستور کے مطابق نہیں بلکہ ان ایجنسیوں کی ایما پر کئے جارہے ہیں جو آزادی کے خلاف تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ دستور ہے بھی یا نہیں ؟ بابری مسجد کا منہدم کیا جانا جرم ہے یا نہیں ؟ مسٹر خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کلیان سنگھ کوایک دن کی سزا دی گئی اس سے بھی زیادہ دی جاسکتی تھی ۔
لیکن وہ آج عظیم عہدہ پر فائز ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جو صاف و شفاف کردار والے ہوں ۔ زمین مافیا اور شراب کے تاجروں کی ضرورت نہیں ہے۔