سفر حج میں درمیانی آدمیوں کا رول ختم کرنا بڑی کامیابی

حج سبسیڈی ختم کرنے کے باوجود مقدس سفر مہنگا نہیں ہوا۔ وزیر اقلیتی اُمور نقوی کا دعویٰ
ممبئی 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج دعویٰ کیاکہ درمیانی آدمیوں کے رول کو ختم کردینے کی وجہ سے مقدس سفر حج مہنگا نہیں ہوا حالانکہ حج سبسیڈی برخاست کردی گئی ہے۔ حج سبسیڈی 2012 ء کے سپریم کورٹ فیصلے کی روشنی میں گزشتہ سال ختم کی گئی۔ یہاں حج 2019 ء سے متعلق دو روزہ تربیتی پروگرام کے افتتاحی سیشن کے دوران مخاطبت میں وزیر اقلیتی اُمور نقوی نے کہاکہ حکومت کی جانب سے شفافیت نے یقینی بنایا کہ عازمین حج پر کوئی اضافی یا غیر ضروری بوجھ عائد نہ ہونے پائے۔ اُنھوں نے کہاکہ آزادی کے بعد سے پہلی مرتبہ ہندوستان سے ریکارڈ تعداد میں 1,75,025 مسلمان حج پر گئے جن میں 48 فیصد خواتین رہیں اور اِن سب نے کسی بھی نوعیت کی سبسیڈی کے بغیر حج مکمل کیا۔ نقوی کی دختر نے اُن کے حوالہ سے جاری کردہ بیان میں کہاکہ حج سبسیڈی کے ختم ہونے کے بعد بھی سفر حج مہنگا نہ ہونا درمیانی آدمیوں کے رول کو ختم کرنے کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سفر حج کے لئے فضائی کرائے میں 2018 ء میں نمایاں کمی لائی گئی اور عازمین کو اِس معاملے میں تقریباً 57 کروڑ روپئے کی بچت ہوئی۔ نقوی نے کہاکہ سفر حج پر جی ایس ٹی 18 فیصد سے گھٹاکر 5 فیصد کیا گیا جس سے یقینی ہوجائے گا کہ حج 2019 ء کے دوران عازمین حج کو تقریباً 113 کروڑ روپئے کی بچت ہوگی۔