کولمبو: سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے گرجا گھروں میں ہوئے بم دھماکو ں کے بعد مقامی مسلمانوں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ مسلمان گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہیں خوف ہے کہ کہیں ان پر بھی حملہ نہ کردیا جائے۔ ۱۴/ سالہ ابراہیم نامی ایک شخص جو پیشہ سے ملازم ہیں۔ وہ کئی بم دھماکو ں کے بعد سے گھر پر ہی رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ان کے گھر والے بھی انہیں گھر میں رہنے کیلئے کہہ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میرے خاندان کولگتا ہے کہ اگر میں باہر نکلو ں گا توزندہ واپس لوٹوں گا یانہیں۔ ایک اور مسلم شخص نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ ہم تحفظ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہت زیادہ ڈرے ہوئے ہیں۔ کیونکہ کوئی بھی ہمیں ٹوپی پہنے دیکھتا ہے تو وہ ہمیں اپنا دشمن سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہم آپ کے دشمن نہیں ہیں۔ یہ وطن ہمارا بھی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ اتوار کے روز ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں گرجا گھروں اور ہوٹلو ں میں ہوئے ۸/ بم دھماکو ں میں ساڑھے تین سو لوگ ہلاک ہوئے ہیں جبکہ پانچ سو سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان دھماکو ں سے سری لنکا میں دہشت کا ماحول ہے۔ دنیا کے گوشہ گوشہ سے اس کی مذمت کی جارہی ہے۔ سری لنکا میں مسلم تنظیموں کی جانب سے بھی ان حملوں کی سخت مذمت کی جارہی ہے۔