سری لنکا: مساجد پر حملوں کا خدشہ، گھروں میں ہی نماز ادا کرنے کی ہدایت

کولمبو: سری لنکا کے سرکاری حکام نے مزید حملو ں کے خدشات ظاہر کئے ہیں او رشہریو ں کو مساجد او رگرجا گھروں کو نہ جانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ انٹیلی جنس حکام نے جوابی حملو ں کے خدشہ کے پیش نظر مسلمانوں کونماز جمعہ کے اجتماعات سے روک دیا گیا ہے۔ حکام نے اپیل کی ہے کہ مسلمان اپنے گھروں میں ہی نماز ادا کریں۔ حکام نے متنبہ کیا کہ اتوار کے روز ہونے والے خودکش حملوں کے بعد جوابی کارروائی کے طور پر مسلمانوں کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ کئی مسلمانوں نے یہاں نقل مکانی بھی کرلی ہے۔

اسی دوران سری لنکا صدر میتھری پالا سری سینا نے انکشاف کیا کہ کچھ سری لنکن نوجوانوں نے 2013سے اسلامی شدت پسند تنظیم داعش کیساتھ روابط کے شواہد ملے ہیں۔ پالا سری سینا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس حکام ایسے 140مشتبہ افراد کا پتہ لگانے میں مصروف ہیں۔ سری لنکا میں امریکی سفارت خانہ نے بھی اپنے شہریو ں کو گرجا گھر نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔ برطانوی دفتر خارجہ نے بھی اپنے شہریو ں سے کہا کہ وہ سری لنکا میں غیر ضروری سفرنہ کریں۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز ہونے والے حملوں میں تقریبا 360افراد ہلاک ہوئے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان حملو ں کی دہشت گرد تنظیم داعش نے ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ واقعہ کے بعد سری لنکا میں مذہبی مقامات او رعوامی مقامات، سرکاری عمارتوں پر سیکوریٹی فورسس میں اضافہ کردیا گیا ہے۔