سرتاج عزیز کا اتوار کو دورۂ ہند، کوئی باہمی اجلاس طے نہیں

امرتسر میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں نواز شریف کے مشیر پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے

اسلام آباد ، یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے مشیر برائے امورِ خارجہ سرتاج عزیز کا اتوار کو دورۂ ہندوستان طے ہے لیکن امرتسر میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقع پر ہندوستانی حکام کے ساتھ کوئی باہمی ملاقات منعقد کی جائے گی۔ ’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق امرتسر میں دو روزہ کانفرنس اس ہفتے کے اواخر (3 ، 4 ڈسمبر) کو منعقد کی جارہی ہے اور عزیز اتوار کو امرتسر کے دورے پر ہوں گے۔ عزیز پاکستانی وفد کی قیادت اُس میٹنگ کیلئے کررہے ہوں گے جو افغانستان اور اس کے پڑوسیوں کے درمیان رابطے میں بہتری اور سکیورٹی خطرات سے نمٹنے میں علاقائی تعاون پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔ میڈیا رپورٹ نے عہدیداروں کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اور انڈیا امرتسر میں ’ہارٹ آف ایشیا‘ وزارتی اجلاس کے موقع پر کوئی باہمی میٹنگ منعقد نہیں کریں گے۔ ایک عہدہ دار کے حوالے سے کہا گیا، ’’فی الحال ہمیں اُن کی طرف سے کوئی آمادگی نظر نہیں آتی ہے … اب موقف تو ہندوستان کو اختیار کرنا ہے، کیونکہ وہ جانتے ہیں ہم (باہمی بات چیت کیلئے) آمادہ ہیں لیکن ہمیں نہیں معلوم آیا وہ رضامند ہیں یا نہیں‘‘۔ گزشتہ ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہوئی تھی جس میں ہندوستان نے حصہ لیا تھا اور اس بات پر اتفاق ہوا تھا کہ جامع باہمی مذاکرات شروع کئے جائیں گے جن میں تمام دیرینہ مسائل کا احاطہ ہوگا۔ تاہم مذاکرات کا احیاء اس سال جنوری میں پیش آئے پٹھان حملے کے سبب نہیں ہوپایا۔