دو کروڑ کا خرچ، مسلمانوں میں مسرت کی لہر
حیدرآباد ۔ 8۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے حیدرآباد کی طرز پر سدی پیٹ میں ایک ماڈل حج ہاؤز کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے ۔ حیدرآباد کے بعد یہ ریاست کا دوسرا بڑا حج ہاؤز رہے گا۔ ہریش راؤ کی شخصی دلچسپی سے دو کروڑ روپئے کی لاگت سے اس کی تعمیر عمل میں آئے گی۔ تمام بنیادی سہولتوں کے ساتھ مذکورہ حج ہاؤز میں ایام حج کے بعد اقلیتی طلبہ کیلئے مختلف تربیتی پروگرامس کا اہتمام کیا جائے گا ۔ وزیر آبپاشی نے بتایا کہ حج ہاؤز کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ سدی پیٹ سے تعلق رکھنے والے عازمین حج اسی حج ہاؤز سے حیدرآباد کیلئے روانہ ہوں گے۔ حج ہاؤز کی تعمیر سے مقامی مسلمانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ ہریش راؤ نے سدی پیٹ کو ایک مثالی ٹاؤن میں تبدیل کردیا ہے جہاں عوام کو تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ ہریش راؤ نے حج ہاؤز کے ماڈل کو قطعیت دیدی ہے جس کے مطابق تعمیری کام انجام دیئے جائیں گے۔ انتخابی حلقہ سدی پیٹ میں تمام طبقات کی ترقی کیلئے اقدامات کئے گئے ۔ ہریش راؤ کی عوامی خدمات کا ہر شخص معترف ہے اور حج ہاؤز کی تعمیر کو ہریش راؤ کا کارنامہ قرار دیا جارہا ہے۔