سانحہ کے وقت ٹرمپ کہاں تھے ڈیموکریٹک قانون ساز کا سوال

فلاڈلفیا۔ 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک اعلیٰ سطحی ڈیموکریٹک قانون ساز نے ری پبلیکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موصوف نے 9/11 دہشت گرد حملوں کا جذباتی طور پر خوب فائدہ اٹھایا جبکہ اس وقت نیویارک کی سینیٹر ہونے کے ناطے ہلاری کلنٹن نے افراتفری کے موقع پر جس صبر و تحمل اور کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وہ بھی قابل ستائش ہے۔ کانگریس مین جوکرالی نے ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب وقت 9/11 کا دلدوز واقعہ رونما ہوا تھا، اس وقت ڈونالڈ ٹرمپ کہاں تھے؟ انہوں نے متاثرین کی امداد کے لئے کوئی کارنامہ انجام نہیں دیا۔ اس کے برعکس انہوں نے 150,000 امریکی ڈالرس جمع کئے جو دراصل چھوٹے کاروباروں کو نقصانات کی پابجائی کرنے اور اپنے پیروں پر دوبارہ کھڑا کرنے کے لئے مختص تھے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ 9/11 حملوں کے کچھ روز بعد انہوں نے بڑی ہی ڈھٹائی سے یہ بھی کہا تھا کہ اُن (ٹرمپ) کی املاک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے جس سے یہ ظاہر ہوجاتا ہے کہ انہیں امریکی عوام کے جان و مال کی نہیں بلکہ اپنی املاک کی حفاظت کی زیادہ فکر تھی۔