سابق وزیر مکیش گوڑ کے فرزند وکرم فائرنگ میں شدید زخمی

خانگی دواخانہ میں حالت مستحکم ‘ رات دیر گئے واقعہ ‘ مختلف زاویوں سے تحقیقات
حیدرآباد ۔ 28 جولائی (سیاست نیوز) سابق وزیر مسٹر مکیش گوڑ کے فرزند وکرم گوڑ کل رات دیر گئے پیش آئے فائرنگ کے واقعہ میں شدید زخمی ہوگئے ۔ یہ واقعہ بنجارہ ہلز کے علاقے گائتری ہلز میں پیش آیا اور شدید زخمی وکرم گوڑ کو جوبلی ہلز اپولو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب رات دیر گئے 2.30 سے 3.00 بجے کے درمیان وکرم اپنی بیوی شیپالی مُلا کے ہمراہ حکیم شاہ بابا درگاہ میں غریبوں کو کھانا کھلانے روانہ ہونے تیاری کر رہے تھے ۔ وکرم گوڑ ورانڈے میں اپنی اہلیہ کا انتظار کر رہے تھے کہ شیپالی نے اچانک فائرنگ کی آواز سنی اور انکے شوہر مدد کیلئے پکار رہے تھے ۔ بنجارہ ہلز پولیس میں درج شکایت میں بتایا گیا کہ رات 3.30 بجے وکرم گوڑ کو اپولو ہاسپٹل جوبلی ہلز لے جایا گیا ۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر کمشنر پولیس مسٹر ایم مہیندر ریڈی اور ڈی سی پی ویسٹ زون مسٹر ایم وینکٹیشور راؤ مقام واردات پر پہونچ گئے اور سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کو بھی وہاں طلب کرلیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ اس واقعہ میں وکرم گوڑ کے دونوں ہاتھوں پر گہرے زخم آئے اور ایک گولی ان کی ریڑھ کی ہڈی میں پھنس گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ وکرم گوڑ 9 ماہ قبل گائتری ہلز فلم نگر میں پلاٹ نمبر 459 ، روڈ نمبر 86 پر منتقل ہوئے تھے ۔ پولیس اس کیس کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہی ہے ۔ جس میں دو اہم پہلو شامل ہیں ۔ ایک پہلو یہ کہ وکرم نے مقروض ہو کر یہ ڈرامہ رچا ہوگا یا پھر مادھاپور میں ایک پب میں پارٹنر شپ کے سبب ریاست کے ڈرگس ریاکٹ سے تعلق بھی ہوسکتا ہے ۔ پولیس نے تفصیلات کا انکشاف کرنے سے انکار کردیا ۔ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ دیسی ساختہ طفنچہ سے دو راؤنڈ فائرنگ کے سبب وکرم گوڑ زخمی ہوئے ہیں ۔ کلوز ٹیم نے اپنے معائنے میں یہ پتہ لگایا کہ مقام واردات سے خون کے دھبوں کو فوری صاف کردیا گیا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ تحقیقاتی عہدیداروں نے وکرم گوڑ کا موبائیل فون مقام واردات سے حاصل کیا ہے جس میں واٹس اپ پیامات کا تجزیہ کیا گیا جس میں یہ ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ 15 دنوں میں وکرم گوڑ کو 36 افراد کے پیام ملے جنہوں نے وکرم گوڑ کو لاکھوں روپئے قرض دیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ متحدہ آندھراپردیش کے سابق وزیر کے فرزند نے دو فلمیں بنائی تھیں اور انتہائی مقروض ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ والد کی جانب سے دیئے گئے مکان کو وکرم نے فروخت کردیا تھا ۔ سابق وزیر کے فرزند نے گذشتہ ماہ عابڈس پولیس میں ایک شکایت درج کروائی تھی جس میں بتایا کہ انہیں دھمکی آمیز فون کالس موصول ہو رہے ہیں اور چند ماہ قبل بندوق لائسنس کیلئے بھی درخواست داخل کی تھی ۔ بنجارہ ہلز پولیس نے وکرم گوڑ کی اہلیہ کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات جاری ہیں ۔ پولیس نے بتایا کہ وکرم گوڑ کی بیوی نے شکایت میں بتایا ہے کہ ان کے شوہر کو قتل کرنے کے غرض سے یہ حملہ کیا گیا ہے اور اس سنگین مسئلہ کی تحقیقات سنجیدگی سے کی جائے ۔ قبل ازیں اس واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مسٹر اتم کمار ریڈی اور ریاستی وزیر مسٹر ٹی سرینواس یادو نے اپولو ہاسپٹل پہونچکر وکرم گوڑ کی صحت سے متعلق تفصیلات حاصل کی ۔