منگلور ۔ /31 جنوری ۔ (سیاست ڈاٹ کام) ایک شخص کوآپریٹیو سوسائیٹی کو 50,400 روپئے کا قرض ادا نہیں کرسکا جس کی وجہ سے وہ اپنی 2.29 ایکر زرعی اراضی سے محروم ہوگیا ۔ اس کے بعد 14 سال سے جنگل میں اپنی کار میں زندگی گزار رہا ہے ۔ ضلع عہدیداروں نے اس پر ترس کھاکر بازآبادکاری کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہ سولیا میں جنگلات کے قریب اپنی کار پارک کئے ہوئے تھا اور تھیلیاں بن کر گزارا کررہا تھا ۔ قرض کی عدم ادائیگی پر کوآپریٹیو سوسائیٹی نے جب اس کی زمین کا ہراج کردیا تو وہ ایک سیکنڈ ہینڈکار لایا اور اسے جنگلاتی علاقے میں پارک کردیا ۔ وہ اسے اپنے گھر میں تبدیل کرچکا تھا ۔ ہفتہ میں ایک مرتبہ وہ جنگل سے دور شہر جاتا اور اپنی تھیلیاں فروخت کرتا ۔ باقی زندگی وہ اسی کار میں گزاررہا تھا ۔ اس کی حالت دیکھ کر حکام نے اس کی بازآبادکاری اور اسے کم از کم ایک ایکر زمین فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دکھشن کنڑا ڈپٹی کمشنر اے بی ابراہیم نے اس معاملے میں خصوصی دلچسپی لی ہے ۔