پشاور 27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کو دہلا دینے والے 7.5 شدت کے زلزلہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد آج 250 ہوگئی جبکہ 1600 سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔ بچاؤ کارکن بدترین متاثرہ صوبہ خیبر پختونخواہ اور زلزلے سے تباہ شدہ دیگر علاقوں کو راحت رسانی کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔ قبل ازیں مہلوکین کی تعداد 228 بتائی گئی تھی جن میں خیبر پختونخواہ، پاٹا، پاکستانی پنجاب اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں ہلاک ہونے والے بھی شامل تھے۔ پاٹا اور خیبر پختونخواہ بدترین متاثرہ علاقے ہیں۔ قومی آفات سماوی انتظامیہ اتھاریٹی کے بموجب 1620 افراد زخمی ہیں۔ ایک عہدیدار نے کہاکہ 7 ٹیمیں متاثرہ اضلاع کا دورہ کررہی ہیں اور فوری ضرورت کی اشیاء کا تخمینہ کررہی ہیں۔ علاوہ ازیں راحت رسانی کارروائیوں کی نگرانی بھی کررہی ہیں۔ 2 ہزار خیمے، بلانکٹس، چٹائیاں اور ایک ہزار غذائی پیاکٹس ضلع چترال کو سربراہ کئے گئے ہیں۔