ریونت ریڈی و رشتہ داروں کے گھروں سے نقدی و دستاویزت برآمد

ٹیکس چوری اور قوانین کی خلاف ورزی کا الزام ۔ اہلیہ سے بینک لاکرس بھی کھلوائے گئے
حیدرآباد ۔ /28 ستمبر (سیاست نیوز) انکم ٹیکس عہدیداروں نے تلنگانہ پردیش کانگریس کے ورکنگ صدر ریونت ریڈی سے کئی گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی ۔ گزشتہ 48 گھنٹے سے جاری انکم ٹیکس کی کارروائی کے دوران عہدیداروں نے مسٹر ریڈی اور ان کے دیگر رشتہ داروں کے مکانات سے غیر محسوب 1.57 کروڑ نقد رقم اور دستاویزات بھی بر آمد کئے ۔ ریونت ریڈی نے کل اپنے آبائی مقام کوڑنگل میں انتخابی مہم میں شرکت کے بعد روڈ نمبر 44 جوبلی ہلز کی رہائش گاہ کو پہونچے تھے جس کے بعد انکم ٹیکس عہدیداروں نے ان سے پوچھ تاچھ شروع کردی تھی ۔ ٹیکس سے بچنے فرضی کمپنیوں کا استعمال کرنے کی شکایت پر محکمہ انکم ٹیکس نے ریونت ریڈی اور ان کے رشتہ داروں کے مکانات اور دفاتر جملہ 16 مقامات پر تلاشی لی تھی ۔ ذرائع ابلاغ کو انکم ٹیکس عہدیدار نے بتایا کہ کل رات سے ریونت ریڈی سے جملہ 7 گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی گئی ہے اور ان کے رقمی لین دین اور کمپنیوں سے متعلق تفصیلات حاصل کئے گئے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ غیرمحسوب رقومات کے علاوہ آئی ٹی حکام نے مسٹر ریڈی اور ان کے رشتہ داروں کے مکانات سے 500 گرام طلائی زیورات بھی برآمد کئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سری سائی موریا اسٹیٹس اینڈ پراجکٹس پرائیویٹ لمیٹیڈ ادارے نے انکم ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کرکے ٹیکس کی ادائیگی نہیں کی جبکہ ادارے کے ریونت ریڈی ڈائرکٹر بھی ہیں ۔ آئی ٹی عہدیداروں نے ریونت ریڈی کی بیوی گیتا ریڈی کو ایک بینک لے جاکر لاکر کھلوایا اور اس میں موجود طلائی زیورات کا حساب لیا ۔ اتنا ہی نہیں آئی ٹی عہدیداروں نے ریونت ریڈی کے مکان پر فارنسک سائینس کے ماہرین کو بھی طلب کیا اور وہاں سے ایک کمپیوٹر بھی ضبط کرلیا۔