اترپردیش میں گورکھپور کے قریب المناک حادثہ
چیف منسٹر یوگی اور دیگر حادثے کے مقام پر پہنچ گئے
انکوائری کیجائے، ریاستی حکومت اور وزیر ریلوے کے احکام
متاثرین اور ورثائے مہلوکین کو معاوضے کا بھی اعلان
گورکھپور (یو پی)، 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 13 بچے جن کی عمریں 7 اور 11 سال کے درمیان بتائی گئیں، آج اپنی جانوں سے گئے جب ایک ٹرین اور اُن کی اسکولی ویان کے مابین ایسی ریلوے کراسنگ پر تصادم ہوا جہاں ریلوے چوکیدار نہیں ہے۔ یہ حادثہ اترپردیش کے کوشی نگر علاقہ میں پیش آیا جو گورکھپور سے تقریباً 50 کیلومیٹر دور ہے۔ پرنسپل سکریٹری (انفرمیشن) اونیش اوستھی نے کہا کہ آج صبح کے اوئل پیش آئے اس حادثے میں 8 دیگر بچے بھی زخمی ہوئے ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ یہ بچے جو ’ڈیوائن پبلک اسکول‘ کے اسٹوڈنٹس تھے، برسرموقع ہلاک ہوگئے جب تھاوے۔ کپتان گنج پسنجر ٹرین بہپوروا کی بناء چوکیدار والی لیول کراسنگ گیٹ پر اُس گاڑی میں گھس گئی جس میں بچے سوار تھے۔ یہ ٹرین سیوان سے گورکھپور کی طرف گامزن تھی۔ حادثے میں گاڑی کو بُری طرح نقصان پہنچا، جس میں بچوں کے بشمول کم از کم 25 مسافرین سوار تھے۔ مہلوکین کی شناخت ہری اوم (8 سال)، راگنی (7)، عطیع اللہ (8)، ارشد (9)، انس نرود (8)، گولو (8)۔ قمرل (10)، ساجدہ (11)، تمنا (10)، معراج (8)، مسکان (7)، سنتوش اور روی (دونوں کی عمریں نہیں بتائی گئیں) کے طور پر ہوئی ہے۔
ایک سرکاری ترجمان نے کہا کہ بہپوروا میں وہ بناء چوکیدار والی ریلوے کراسنگ گیٹ ہے جہاں ’گیٹ متر‘ (ریلوے والنٹیر) تعینات تھا۔ اُس نے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی لیکن یہ بدبختانہ واقعہ بنارس ڈیویژن میں دودھی اسٹیشن کے قریب بناء چوکیدار والی گیٹ 45 پر پیش آگیا۔ چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ جو برسرموقع جائزے کیلئے مقام حادثہ کو فوری پہنچ گئے، انھوں نے کہا کہ بادی النظر میں ویان ڈرائیور کی غلطی معلوم ہوتی ہے۔ انھوں نے کوشی نگر کے ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں زخمیوں کی عیادت کے بعد اخبارنویسوں کو بتایا کہ ویان ڈرائیور نے بتایا گیا کہ ایئرفونس لگا رکھے تھے، بہرحال تمام حقائق کا کمشنر گورکھپور کی سربراہی میں انکوائری کے ذریعے پتہ چل جائے گا۔ اوستھی نے لکھنو میں نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ چیف منسٹر نے دکھ و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی فیملیوں کیلئے 2 لاکھ روپئے کے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے اور گورکھپور کمشنر کو اس حادثے کی انکوائری کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مختلف سوالات پر ادتیہ ناتھ نے کہا کہ چار بچے اور ویان ڈرائیور کو یہاں بی آر ڈی میڈیکل کالج سے رجوع کیا گیا اور اگر ضرورت پڑے تو انھیں علاج کیلئے کسی اسپشیالٹی ہاسپٹل کو بھیجا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اُن تمام کے خلاف سخت کارروائی کرے گی جو اس غفلت کیلئے ذمے دار ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انھوں نے بناء چوکیدار والے کراسنگس پر ٹرین حادثات کے مسئلے پر وزیر ریلوے سے بات کی اور اُن سے اپیل کی ہے کہ وہاں چوکیداروں کو تعینات کیا جائے اور اگر ضرورت پڑے تو ریلوے اووربرجس کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر ریلوے پیوش گوئل نے متوفیوں کے لواحقین کیلئے فی کس 2 لاکھ روپئے کے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے حادثے کی انکوائری کے احکام بھی جاری کئے ہیں۔ گورنر رام نائک نے بھی اس حادثے میں کمسن بچوں کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی لیڈر اجئے سنگھ للو بھی فوری مقام حادثہ پہنچ گئے تاکہ راحت کاری کاموں کی نگرانی کرسکیں۔ انھوں نے ہر متوفی بچہ کی فیملی کیلئے 50 لاکھ روپئے کے معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔
چیف منسٹر یوگی کو جائے حادثہ پر احتجاج کا سامنا ہوا
دریں اثناء اترپردیش کے کوشی نگر میں ٹرین۔ اسکولی ویان تصادم کا جس کے نتیجے میں 13 بچے فوت ہوگئے، صورتحال کا بہ نفس نفیس جائزہ لینے پہنچے چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ کو برہم لوگوں کے احتجاج کا سامنا ہوا۔ جیسے ہی یوگی ضلع اسپتال کے دورے کے بعد مقام حادثہ پہنچے ، برہم ہجوم نے ریلوے اور مقامی حکام کے خلاف نعرے بلند کئے۔ چیف منسٹر نے میگافون استعمال کرتے ہوئے انھیں خاموش کرانے کی کوشش کی اور کہا، ’’نعرے بازی بند کرو، نوٹنکی بند کرو ۔ میں یہاں اظہار ِ ہمدردی کیلئے آیا ہوں۔‘‘
کووند ، مودی کا ٹرین۔اسکولی ویان حادثے پر اظہار تعزیت
نئی دہلی، 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اتر پردیش کے کوشی نگر میں آج بناء چوکیدار والے ریلوے کراسنگ پر پسنجر ٹرین اور اسکولی ویان کی ٹکر والے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ کووند نے ٹویٹ کیا: ’’کشی نگر ( اتر پردیش) میں معصوم بچوں کو لے جا رہی گاڑی کو حادثے کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا ہے ۔ میری طرف سے تعزیت اور دعائیں سوگوار خاندانوں اور زخمی افراد خاص طور پر بچوں کے ساتھ ہے‘‘۔ مودی نے کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تیاری میں مشغول بی جے پی کارکنان اور امیدواروں سے ’نمو ایپ‘کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کوشی نگر حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا: ’’اس حادثے کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا۔ متاثرہ خاندانوں کے تئیں میری تعزیت۔ مجھے امید ہے یوپی حکومت اور ریلوے انتظامہ اس حادثے کی تحقیقات کرائے گی۔‘‘