حیدرآباد 7 ڈسمبر ( سیاست نیو ز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں جملہ 67 فیصد رائے دہی ہوئی ۔ ریاست بھر میں کہیں بھی دوبارہ رائے دہی کیلئے سفارش نہیں کی گئی ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے میڈیا کو باتیا کہ عادل آباد میں سب سے زیادہ 76.5 فیصد پولنگ ہوئی جبکہ حیدرآباد میں سب سے کم 50 فیصد پولنگ ہوئی ہے ۔ مسٹر رجت کمار نے بتایا کہ ریاست میںماویسٹوں کے اثر والے جملہ 13 اسمبلی حلقہ جات میں بھی پولنگ پرامن رہی ہے ۔ یہاں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں 2014 کے مقابلہ میں رائے دہی کے تناسب میں کمی آئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جملہ 754 مقامات پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے انہیں تبدیل کرنا پڑا ہے ۔ اس کے علاوہ جملہ 1,444 وی وی پیاٹ مشینوں کو بھی تبدیل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بیاڈمنٹن اسٹار جوالا گٹہ کے نام فہرست سے غائب ہونے کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس پر تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔ 2015 کی فہرست میں ان کا نام شامل تھا ۔