حکومت پر دستور کی بیحرمتی کا الزام ۔ گاندھی بھون میں پرچم کشائی ۔ اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد /26 جنوری ( سیاست نیوز ) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست میں انسانی حقوق اور جمہوری نظام کی دھجیاں اُڑائی جارہی ہیں ۔ ملک کو آزاد کرانے اور علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کا کانگریس کو اعزاز حاصل ہے ۔ آج گاندھی بھون میں یوم جمہوریہ کے موقع پر پرچم کشائی کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر قائدین اپوزیشن کے جاناریڈی ( اسمبلی ) محمد علی شبیر ( کونسل ) ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک سابق صدور پردیش کانگریس کمیٹی وی ہنمنت راؤ پنالہ لکشمیا اے آئی سی سی سکریٹری مدھو گوڑ یشکی سابق مرکزی وزیر سروے ستیہ نارائنا سابق وزیر ڈی ناگیندر سابق ایم پی انجن کمار یادو ‘ رکن راجیہ سبھا ایم اے خان صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخرالدین صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس ایس کے افضل الدین ، محمد مقصود احمد ، عظمی شاکر ترجمان سید نظام الدین کانگریس کے قائد اعجاز الزماں کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں انسانی حقوق کو سلب کیا جارہا ہے اور جمہوریت کا گلا گھونٹا جارہا ہے ۔ عوام کی محافظ حکومت ہی عوام کے مفادات کا تحفظ کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ امبیڈکر نے جو دستور کیا ہے ۔تلنگانہ حکومت اس کی بحرمتی کر رہی ہے ۔ ریاست میں دلتوں ، اقلیتوں ، قبائیلوں اور خواتین کا کوئی تحفظ نہیں ہے ۔ آئے دن ان پر حملے کئے جارہے ہیں ۔ کالیشورم پراجکٹ کے نام پر ریاست کے خزانے کو لوٹ لیا جارہا ہے ۔ ریت مافیا کی غیر قانونی سرگرمیوں میں بے حد اضافہ ہوگیا ہے ۔ تیار کردہ کاشت پر اقل ترین قیمت کا مطالبہ کرنے والے کسانوں کو کھمم میں ہتھکڑیاںلگائی گئی ہیں ۔اظہار خیال کی آزادی پر روک لگائی جارہی ہے ۔ تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین سے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے ۔ اپنے سماج کے جائز حقوق کیلئے سیاسی جماعتوں اور رضاکارانہ تنظیموں کو حکومت کے خلاف آزاد اُٹھانے سے روکنے کیلئے نیا قانون بنانے کی سازش کی جارہی ہے ۔ حکومت کے غلط چنگل سے آزاد کرانے اور علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس پارٹی خاموش نہیں رہے گی ۔ حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ عوامی مفادات کیلئے جٹ جانے والے کانگریس قائدین کو پارٹی کبھی فراموش نہیں کرے گی ۔