ریاستی بجٹ میں محکمہ پولیس کو 6,000 کروڑ روپئے مطلوب

پولیس کو عصری بنانے بھاری بجٹ درکار۔ ڈی جی پی کی چیف منسٹر سے ملاقات
حیدرآباد۔یکم۔فروری (سیاست نیوز) ریاستی بجٹ میں محکمہ پولیس نے 6000 کروڑ کی تجاویز پیش کی ہیں تاکہ ریاست تلنگانہ میں محکمہ پولیس کو عصری بنایا جاسکے۔ریاست تلنگانہ میں محکمہ پولیس کی جانب سے پیش کردہ بجٹ تجاویز کے متعلق بتایا جاتاہے کہ پہلی مرتبہ محکمہ پولیس نے 6000کروڑ روپئے کی بجٹ تجاویز پیش کی ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مسٹر ایم مہندر ریڈی نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے ان بجٹ تجاویز کے سلسلہ میں بات چیت کی اور کہا ہے کہ ریاستی پولیس کو عصری بنانے کے لئے بھاری بجٹ درکار ہے اور اگر حکومت کی جانب سے بجٹ کی فراہمی کو ممکن بنایا جاتاہے تو تلنگانہ پولیس ملک میں پہلی پولیس فورس ہوگی جو اتنے خطیر بجٹ کے ذریعہ محکمہ کو عصری سہولتوں سے ہم آہنگ کرنے والی ہوگی۔ ملک بھر کے پولیس اسٹیشنس میں پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن کو ماڈل پولیس اسٹیشن کی فہرست میں دوسرا مقام حاصل ہونے کے بعد محکمہ پولیس نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے مطابق ریاست کے تمام پولیس اسٹیشنوں کو ماڈل پولیس اسٹیشن میں تبدیل کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے اور اس منصوبہ کو قابل عمل بنانے کیلئے ضروری ہے کہ 6000 کروڑ روپئے بجٹ میں محکمہ پولیس کے لئے مختص کئے جائیں۔سال گذشتہ حکومت تلنگانہ نے محکمہ پولیس کے لئے 2000 کروڑ روپئے مختص کئے تھے اور اس رقم کے ذریعہ نئے پولیس اسٹیشن کی تعمیر کے علاوہ عصری ٹیکنالوجی سے لیس پولیس انتظامیہ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں اور ان اقدامات کے پیش نظر حکومت نے ریاست بھر میں پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ کے بعد ہی محکمہ سے پولیس کی فلاح و بہبود اور محکمہ کی ترقی کیلئے تجاویز طلب کی گئی تھی جس پر محکمہ پولیس نے 6000 کروڑ کی تجاویز پیش کرتے ہوئے اس میں نئے ماڈل پولیس اسٹیشن کی تعمیر کے علاوہ پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔ بتایاجاتاہے کہ ریاستی پولیس انتظامیہ نے پولیس عہدیداروں وملازمین کے بچوں کی معیاری تعلیم کے سلسلہ میں بھی بجٹ کے اس منصوبہ میں تجاویز پیش کی ہیں اور حکومت سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ ان تجاویز کو منظور کرتے ہوئے ریاستی محکمہ پولیس کو ترقی سے ہمکنار کرنے کے اقدامات کو یقینی بنائے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ حکومت تلنگانہ محکمہ پولیس کی جانب سے پیش کردہ ان تجاویز کو قبول کرتے ہوئے محکمہ پولیس کے بجٹ میں 4000 کروڑ تک کے اضافہ کو ممکن بنائے گی۔