روی شنکر کی سلمان ندوی سے پھر ملاقات

بابری مسجد تنازعہ

لکھنو ۔یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایودھیا معاملے کا حل باہمی بات چیت سے نکالنے کی کوشش کے پیش نظر آرٹ آف لونگ کے رہنما شری شری روی شنکر نے مسلم پرسنل لا بورڈ سے معطل کئے گئے مولانا سلمان ندوی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد شری شری روی شنکر نے صحافیوں کو بتایا کہ عدالت میں معاملہ ہے، اس کا حل تبھی نکل سکتا ہے جب دونوں فریق ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کریں۔ مولانا کے ساتھ ملاقات اس مہم کا حصہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی ان کی ملاقات متعدد لوگوں سے ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت سے اس معاملے کا کوئی حل نہیں نکل سکتا ، کسی ایک فریق کو شکست قبول کر نا پڑے گا ۔ ہندو مذہبی رہنما نے بتایا کہ ملک میں پر امن ماحول بنا رہے اس کیلئے دونوں فریق کے درمیان بات چیت چل رہی ہے۔ اسی سلسلے میں 28 مارچ کو ایک میٹنگ بلائی گئی ہے‘ اس میٹنگ میں دونوں مذہب کے دانشوروں کو بلایا گیا ہے۔اس سے قبل شری شری روی شنکر گورکھپور میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کر چکے ہیں۔ سمجھا جا رہا ہے کہ دونوں کے درمیان اسی معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔