اقوام متحدہ کی خیرسگالی سفیر برائے حقوق اطفال پرینکا چوپڑہ کا بیان
ڈھاکہ۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے جو یونیسیف کی خیرسگالی سفیر برائے حقوق اطفال بھی ہیں اور ڈھاکہ کے دورہ پر ہیں، پوری دنیا پر زور دیا ہے کہ روہنگیا پناہ گزینوں کی دیکھ بھال کریں، جن میں کثیر تعداد میں بچے بھی ہیں جن کے دل زندگی بھر کے لئے اپنے مصائب کی بناء پر مجروح ہوچکے ہیں۔ پرینکا نے دنیا کے وسیع ترین پناہ گزین کیمپ واقع کاکس بازار کا بھی دورہ کیا اور روہنگیا بچوں کے ساتھ انسٹاگرام پر تصویرکشی بھی کروائی۔ اقوام متحدہ کے بموجب اگست 2017ء میں میانمار سے 7 لاکھ پناہ گزین بنگلہ دیش کے علاقہ کاکس بازار پہنچے ہیں ابھی وہ سنبھلنے بھی نہ پائے تھے، موسم برسات ان کی تمام تعمیرات پر پانی پھیرنے پہنچ گیا۔ بچوں کی ایک پوری نسل کا کوئی مستقبل نظر نہیں آتا۔ پرینکا چوپڑہ گزشتہ سال اردن میں شامی پناہ گزین بچوں سے بھی ملاقات کرچکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پناہ گزینوں میں بچے سب سے زیادہ مصائب جھیلتے ہیں۔ یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں۔ پوری دنیا کو ان کی دیکھ بھال کرنی چاہئے۔ انہوں نے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں میانماری پناہ گزینوں کو پیدل بنگلہ دیش پہنچتے دکھایا گیا ہے۔ ان کا سفر خطرات اور مصائب بھرا تھا۔ وہ پہاڑوں سے گذرے، عارضی کشتیوں میں دریائے ناف اور خلیج بنگال پار کیا۔ ان میں کئی زخمی بوڑھے اور حاملہ خواتین بھی شامل تھیں۔ ان کے مصائب یہیں ختم نہیں ہوئے۔ انہیں بنگلہ دیش میں داخل ہونے کے بعد کئی دن کھلے میدانوں میں بھوکے پیاسے گذارنے پڑے۔ اس کے بعد راحت رساں کارکن ان تک پہنچے۔ ان میں کئی بچے بھی تھے۔ جنہیں ان مصائب نے جذباتی اور جسمانی طور پر باقی کی زندگی کے لئے مجروح کردیا تھا۔ پرینکا چوپڑہ ان کی فوری مدد کی خواہاں ہیں کیونکہ ان کا کوئی مستقبل نظر نہیں آتا۔