کوکس بازار 31اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) عہدیداروں کے بموجب میانمار سے فرار ہونے والے روہنگیا مسلمانوں کو منتقل کرنے والی تین کشتیاں بنگلہ دیش میں غرقاب ہوگئی ہیں جس کے نتیجہ میں اب تک 26 افراد کے ہلاک ہونے کی توثیق ہوچکی ہے ۔ ان کی نعشیں نکالی جاچکی ہیں۔ بنگلہ دیش کے سرحدی گارڈز کے کمانڈر لیفٹننٹ کرنل ایس ایم عارف الاسلام نے آج کہا کہ 15 بچوںا ور 11 خواتین کی نعشیں کوکس بازار میں دریائے ناف سے نکالی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم تین کشتیوں میں نامعلوم تعداد میں روہنگیائی مسلمانوں کو منتقل کیا جارہا تھا ۔ یہ تین کشتیاں کل غرقاب ہوگئیںاور ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ آیا اب بھی کچھ لوگ لاپتہ ہیں یا نہیں۔ گذشتہ ہفتے روہنگیا میں پولیس پوسٹس پر حملوں کے واقعات میانمار میں پیش آئے تھے جس کے بعد سکیوریٹی فورسیس کے ساتھ جھڑپیں شروع ہوگئے تھیں اور ان میں کم از کم 100 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔