انجنی کمار نے پولیس اسٹیشن نامپلی کا اچانک دورہ کیا۔ مختلف تفصیلات سے آگاہی
حیدرآباد ۔ /21 مارچ (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے آج پولیس اسٹیشن نامپلی کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے وہاں کے حالات کا جائزہ لیا اور بعد ازاں وہاں کے روڈی شیٹر کے مکان پہونچکر اس کی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات بھی حاصل کئے ۔ کمشنر پولیس کی حیثیت سے جائزہ لینے کے بعد انجنی کمار نے اپنے پہلے دورہ میں پولیس اسٹیشن نامپلی کا انتخاب کیا۔ وہاں انہوں نے انسپکٹر سنجے کمار اور دیگر اسٹاف سے تبادلہ خیال کیا اور کانسٹبل سطح کے ملازمین سے بھی تفصیلات حاصل کئے ۔ پولیس اسٹیشن کے معائنے کے بعد کمشنر پولیس نے بیٹری لائینس کے ساکن روڈی شیٹر فرید کے مکان پہونچکر اس کی غیرقانونی سرگرمیوں سے متعلق معلومات حاصل کئے اور اسے یہ انتباہ دیا کہ وہ دوبارہ کسی واردات میں ملوث ہونے پر اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ مذکورہ روڈی شیٹر کو سابق میں پی ڈی ایکٹ کے تحت جیل بھیجا گیا تھا اور اس کی رہائی کے بعد اس نے علاقہ میں دوبارہ عوام کو ہراساں کرنا شروع کیا تھا اور اس بات کی اطلاع ملنے پر کمشنر پولیس نے اسے راست طور پر وارننگ دی ۔ پولیس اسٹیشن کے معائنے کے بعد انجنی کمار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن کا اچانک دورہ کرنے کا مقصد یہ ہے کہ پولیس اسٹیشن کے حالات کا جائزہ لیا جائے اور وہاں کے تمام ملازمین سے تبادلہ خیال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر تین یا چار روز میں شہر کے کسی بھی پولیس اسٹیشن کا معائنہ کریں گے اور کسی بھی روڈی کے خلاف شکایت پر اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔ انہوں نے دونوں شہر کے روڈی شیٹرس کو تاکیدکی کہ وہ اپنی حرکتوں سے باز آجائیں اور عام شہریوں کی طرح زندگی بسر کریں ۔ اگر وہ کسی بھی غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جاتے ہیں تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور انہیں ہرگز بخشا نہیں جائے گا ۔