ممبئی : سفر حج میں دلالو ں کا کردار ختم کئے جانے کا نتیجہ ہے کہ حج سبیسڈی ختم ہونے کے باوجود بھی سفر حج مہنگا نہیں ہوا ۔ جبکہ گذشتہ سال سے حج سبسیڈی برخواست کردی گئی ۔ آزادی کے بعد پہلی بار ایسا ہوا کہ عازمین حج بغیر سبسیڈی کے حج کیلئے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے ممبئی حج ہاؤز میں عازمین حج کے تربیتی اجلاس سے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال حج سبیسڈی ختم کئے جانے کے بعد حج کے عمل میں شفافیت آئی تھی اور ایجنٹس کا کردار ختم کئے جانے سے ہوائی کرایہ میں کمی واقع ہوئی تھی اور عازمین حج کے ۵۷؍ کروڑ روپے کی بچت ہوئی تھی ۔ انہو ں نے کہا کہ سفر حج پر جی ایس ٹی کو ۱۸؍ فیصد سے گھٹاکر ۵؍فیصد کردیاگیا۔ جس سے اس سال سفر حج پر جانے والے عازمین حج کو ۱۱۳؍ کروڑ روپے کی بچت ہوگی ۔ اس کے علاوہ نئے روانگی مراکز کی وجہ سے حاجیوں کیلئے کرایہ میں کمی ہوگی ۔
مسٹر نقوی نے کہا کہ آزادی کے بعد پہلی بار ہندوستان سے ۲۳۴۰؍ خواتین بغیر محرم کے حج سفر پر جائیں گی ۔