رمضان کے پہلے عشرہ رحمت کا اختتام

شہر کی مساجد میں رقت انگیز دعائیں ، عشرہ مغفرت کا آغاز
حیدرآباد۔25مئی (سیاست نیوز) ماہ رمضان المبارک کا پہلا رحمتوں والا عشرہ آج تروایح کی کی ادائیگی کے بعد خصوصی دعاؤں کے ساتھ اختتام کو پہنچا اور جن مساجد میں پہلے عشرہ کے دوران تین پارے قرآن مجید نماز تراویح میں سنائی جا رہی تھی ان مساجد میں آج ختم قرآن کا اہتمام کیا گیا اور خصوصی دعائیں کی گئیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کی کئی اہم مرکزی مساجد میں جہاں تین پارے قرآن مجید سنائی جا رہی تھی ان مساجد میں خصوصی دعاؤں اور ختم قرآن کا اہتمام کیا گیا۔ تاریخی مکہ مسجد میں جہاں مولانا حافظ محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد ماہ رمضان کے پہلے عشرہ میں تین پارے کلام مجید سنا رہے تھے ۔ مکہ مسجد میں پہلے عشرہ کے اختتام پر ان کی بکثرت گلپوشی کی گئی ۔ اس موقع پر انہوں نے رخت انگیز دعا کرتے ہوئے عالم اسلام کی سربلندی اور کامیابی کے علاوہ ملک میں امن و امان کے لئے دعائیں کی۔ شہر کی بیشتر مساجد میں مظلوم مسلمانوں کے لئے دعائیں کی گئیں ۔ شاہی مسجد باغ عامہ‘ مسجد صلاح الدین علی خان مغلپورہ‘ مسجد حافظ ڈنکا مغلپورہ‘ مسجد حکیم میر وزیر علی فتح دروازہ‘ جامع مسجد دہلی دروازہ (موتی مسجد)‘ مسجد مردھے منور‘ مسجد گنڈے مرزا‘ جامع مسجد ٹین پوش‘ مسجد عالیہ ‘ مسجد عامرہ‘ جامع مسجد دارالشفاء کے علاوہ دیگر کئی مساجد میں ماہ رمضان المبارک کے پہلے عشرہ کے اختتام کے موقع پر علماء اکرام نے اپنی دعاؤں کے دوران مظلوم مسلمانوں کا خیال کرنے اوررمضان المبارک کے مابقی ایام کو بھی پہلے عشرہ کی طرح گذارنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ تراویح کے سلسلہ کو منقطع نہ کریں بلکہ اس سلسلہ جو آخری رمضان تک جاری رکھیں اورقیام الیل کو یقینی بنانے کی حتی الامکان کوشش کریں۔ علماء اکرام نے امت مسلمہ کو اس بات کی تلقین کی کہ رحمتوں کے عشرہ کے اختتام کے ساتھ اب مغفرت کا عشرہ شروع ہونے جارہا ہے اس عشرہ کے دوران اللہ رب العزت سے مغفرت طلب کریں اور استغفار کی کثرت کریں ۔