نئی دہلی /2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایس رشی کمار شکلا کو آج سی بی آئی کا نیا ڈائرکٹر مقرر کیا گیا ۔ /2 فبروری کو جائزہ لینے کی تاریخ سے ان کی میعاد دو سال کیلئے ہوگی ۔ ان کا تقرر وزیراعظم مودی زیرقیادت پیانل کے دوسرے اجلاس کے ایک دن بعد کیا گیا ۔ سی بی آئی سربراہ کے انتخاب کیلئے یہ اجلاس طلب کیا گیا تھا ۔ سابق سربراہ مدھیہ پردیش پولیس 1983 ء بیاچ کے آئی پی ایس آفیسر ہیں ۔ اس وقت وہ بھوپال میں مدھیہ پردیش پولیس ہاؤزنگ کارپور یشن کے چیرمین ہیں ۔ انہیں الوک کمار ورما کی جگہ مقرر کیا گیا ہے جنہیں /10 جنوری کو سی بی آئی ڈائرکٹر کی حیثیت سے برطرف کردیا گیا تھا ۔ رشی کمار شکلا کو حال ہی میں ڈائرکٹر جنرل مدھیہ پردیش عہدہ سے تبادلہ کرکے پولیس ہاؤزنگ کارپو ریشن منتقل کیا گیا تھا ۔ سی بی آئی ڈائرکٹر کا عہدہ مخلوعہ تھا ۔ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ وہ سی بی آئی عبوری ڈائرکٹر کے انتظامات سے واقف ہے لہذا باقاعدہ سربراہ کا تقرر عمل میں لایا جانا چاہئیے ۔ سی بی آئی حساس ادارہ ہے اور اس کیلئے مستقل ڈائرکٹر کا تقرر لازمی ہے ۔