شاہی امام نے کہاکہ ‘ تین طلاق بل سے مسلم عورتوں کا کوئی بھلا نہیں ہوگابلکہ اس سے مشکلات میں اضافہ ہوگا
دہلی ۔ شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل کہاکہ خالق کائنات نے دنیا کو اپنی قدرت کاملہ سے بنایا ہے اور اس کی بنائی ہوئی ہرچیز کام اور مکمل ہے۔
مفتی مکرم احمد نے کہاکہ ہندوستان میں مسلمانوں سے نفرت کا ماحول بنانے میں جو لوگ شامل ہیں ان کے خلاف کاروائی ہونی چاہئے۔ دیکھا جارہا ہے کہ صوبہ راجستھان میں نفرت کی چنگاری بہت زیاد ہ ہے‘ گاؤ کشی کا الزام لگاکر مسلمانوں پر زندگی تنگ کی جارہی ہے ۔ اسی ہفتے ایک ریاستی ایم ایل اے نے کہاکہ مسلمان اگر گاؤ کشی کریں گے تو ایسے ہی مارے جائیں گے۔
یہ ان پر جھوٹا الزام ہے مسلمان اگر دودھ کا کاروبار کرتے ہیں تو بھی انہیں ہلاک کیا جاتا ہے ‘ ایسا لگتا ہے کہ یہ لوگ قانون سے بھی اوپر ہیں۔ اجمیر شوسینا ہندوستان نے الزام لگایا ہے کہ درگاہ خواجہ کی جگہ پر قدیم مندر تھا او روہ کچھ دنوں سے اجمیر کا ماحول خراب کرنے میں لگے ہیں ایسے لوگوں کے خلاف حکومت کو کاروائی کرنی چاہئے ۔
شاہی امام نے کہاکہ تین طلاق والابل جو جلد بازی میں پا س کرایاجارہا ہے اس سے مسلم عورتوں کا کوئی بھلا نہیں ہوگابلکہ اس سے مشکلات میں اضافہ ہوگا اور اس کا غلط استعمال کرکے مسلم مردوں کو جیلوں میں ڈالنے کا بہانہ مل جائے گا۔ حکومت کو چاہئے کہ بھارت کی ہر عورت کی مشکل حل کرے۔
شراب ‘ جوا عورتوں سے ناجائز تعلقات کو بند کرایاجائے ‘ دفتروں ‘ فیکٹریوں ‘ میں کام کرنے والے والی عورتوں کے ساتھ جو بدسلوکی اور ان کا استحصال کیاجاتا ہے وہ بند کرایاجائے۔ ہر عورت آج طرح طرح کی مشکلات سے دوچار ہیں اس پر بھی حکومت کو غور کرنا چاہئے