قانونی لڑائی میں مفت خدمات فراہم کرنے کی پیشکش
علیگڑھ ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سینئر وکیل رام جیٹھ ملانی نے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے اقلیتی موقف کو برقرار رکھنے کیلئے قانونی لڑائی میں اپنی خدمات انجام دینے کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے اقلیتی موقف کو بحال کیا جانا چاہئے۔ یہ کیس سپریم کورٹ میں زیرالتواء ہے۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے سینئر عہدیدار نے کہاکہ ممتاز قانون داں رام جیٹھ ملانی اس یونیورسٹی کے وقار اور موقف کو محفوظ کرنے کیلئے اپنی خدمات کی پیشکش کی ہے۔ رام جیٹھ ملانی کے اس جذبہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر شفیع قدوائی کے میڈیا مشیر نے کہا کہ رام جیٹھ ملانی سابق میں بھی تمام مسائل پر علیگڑھ مسلم یونیورسٹی سے وابستہ تھے اور اس کے اقلیتی موقف کو بحال کرنے کیلئے قانونی لڑائی سے مربوط تمام مسائل سے واقف ہیں۔ اس یونیورسٹی کے کیس کی 4 اپریل کو سماعت مقرر ہے۔ اس کیس کی پیروی سینئر ایڈوکیٹ ہریش سالوے کررہے ہیں۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کو ایک اقلیتی ادارہ تسلیم کرنے سے متعلق سمینار منعقد کیا گیا ہے جو نئی دہلی میں 27 فبروری کو انڈین لا انسٹیٹیوٹ میں منعقد ہوگا۔ اس سمینار کو این جی او اور وائس آف ہیومینیٹی کی جانب سے منعقد کیا جارہا ہے۔ آرگنائزرس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس سمینار صدارت سابق چیف جسٹس اے ایم احمدی کریں گے جبکہ ممتاز قانون داں رام جیٹھ ملانی مہمان خصوصی ہوں گے۔