نئی دہلی،14دسمبر(ایجنسی)رافیل سودے کے معاملہ میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد بھی کانگریس صدر راہل گاندھی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس بات کو ثابت کردیں گے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس میں بدعنوانی کی ہے۔ اور ان کی سرکار نے عدالت میں اس بارے میں سی اے جی (کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل)کی رپورٹ کا حوالہ دیکر جھوٹ بولا ہے کیونکہ یہ رپورٹ ابھی تک کسی نے دیکھی تک نہیں ہے۔
مسٹر گاندھی نے جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں سوال کیا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلہ میں جس سی اے جی رپورٹ کا ذکر کیا ہے وہ رپورٹ کہاں ہے،کیونکہ ابھی تک وہ نہ تو پارلیمنٹ میں پیش کی گئی اور نہ ہی وہ رپورٹ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے پاس آئی ہے۔پریس کانفرنس میں کانگریس کے سینئر لیڈر اور پی اے سی کے چیئر مین ملکا ارجن کھڑگے بھی موجود تھے اور انہوں نے بھی کہا کہ سی اے جی کی رپورٹ کمیٹی کے پاس نہیں آئی ہے۔
قابل غور ہے کہ سپریم کورٹ نے آج اپنے فیصلہ میں کہا ہے کہ رافیل سودے کی قیمت کے بارے میں جانچ کرنا سی اے جی کا کام ہے اوراس سی اے جی رپورٹ کی جانچ پبلک اینڈ اکاؤنٹس کمیٹی نے کی ہے۔