کانگریس کے بلرام نائک کو صرف 10 ووٹ
حیدرآباد۔23 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں راجیہ سبھا کی تینوں نشستوں پر توقع کے مطابق ٹی آر ایس نے شاندار کامیابی حاصل کرلی۔ کانگریس کی جانب سے امیدوار کو میدان میں اتارنے کے باوجود رائے دہی پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ ٹی آر ایس کے تینوں امیدوار جے سنتوش کمار، بی لنگیا یادو اور بنڈاپرکاش مدیراج کو ووٹوں کی گنتی کے بعد منتخب قرار دیا گیا۔ سنتوش کمار کو 32 اور لنگیا یادو کو بھی 32 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ پرکاش مدیراج کے حق میں 33 ووٹ ڈالے گئے۔ کانگریس کے امیدوار بلرام نائک کو صرف 10 ووٹ حاصل ہوئے۔ 117 ارکان اسمبلی میں 108 نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ آزاد رکن اسمبلی ڈی مادھوریڈی کے ووٹ کو الیکشن کمیشن کے احکامات کے سبب گنتی میں شامل نہیں کیا گیا۔ رائے دہی صبح 9 بجے شروع ہوئی اور شام 4 بجے تک جاری رہی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو، اسپیکر مدھوسدھن چاری، وزراء اور ارکان اسمبلی وقفہ وقفہ سے رائے دہی کے لیے اسمبلی کی کارروائی سے جارہے تھے۔ ٹی آر ایس کے تینوں امیدوار رائے دہی کے مرکز پر موجود تھے۔ بی جے پی، تلگودیشم اور سی پی ایم نے رائے دہی میں حصہ نہیں لیا۔ ان جماعتوں نے راجیہ سبھا کے انتخابات سے دوری اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ٹی آر ایس کی حلیف جماعت مجلس کے ارکان نے ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ دیا۔ 5 بجے ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوا اور نتیجہ کے اعلان کے ساتھ ہی وزرائ، ارکان مقننہ اور ٹی آر ایس قائدین نے تینوں منتخب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی۔