دیوالی سے پہلے دیوالیہ،غریب عوام پر مہنگائی کی مار

گیس سلنڈرکی قیمت میں اضافہ، بینک لون مہنگا ،اے ٹی ایم سے نکا لی جانے والی رقم میں کمی

حیدرآباد ۔یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) نومبر کا مہینہ روشنیوں کے تہوار دیوالی کے لئے جانا جاتا ہے لیکن اس مہینے کے آغاز پر نہ صرف دیوالی سے پہلے عوام کا دیوالیہ نکالنے کے اعلانات ہوگئے ہیں بلکہ مالی بوجھ کے پٹاخے پھوڑتے ہوئے غریبوں کی زندگی میں مزید اندھیرا کیا گیا ہے کیونکہ اس مہینے میں عوام کے مسائل میں مزید دو کا اضافہ ہوا ہے جب کہ ان افراد کو راحت ملی ہے جو ریل کا زیادہ سفرکرتے ہیں کیونکہ یکم نومبر سے گھر بیٹھے ٹرین کا جنرل ٹکٹ بک کروانے کی سہولیت متعارف کردی گئی ۔ دوسری جانب جو مسائل بڑھے ہیں ان میں بنک کے لون مہنگے ایل پی جی سلینڈر کی قیمت میں اضافہ ہے۔علاوہ ازیں پنجاب نیشنل بینک نے مارجنل کاسٹ لینڈنگ ریٹ ( ایم سی ال آر ) میں 0.05 فیصدی کا اضافہ کر دیا ہے۔ پی این بی کی طرف سے بڑھائی گئی یہ یکم نومبر سے نافذ ہو گی۔ بینک کی جانب سے یہ تبدیلی کرنے کے بعد عوام کیلئے بینک سے لون لینا مہنگا ہو جائے گا۔ اس اضافہ کے بعد ایک سال کے قرض کے لئے سود کی شرح 8.5 فیصد ہو جائے گی۔ تین سال کے لون کی خاطر یہ شرح 8.45 فیصد ہو جائے گی۔ اگر آپ ایک مہینے اور اوور نائٹ لون لیتے ہیں تو آپ کو 8.15 فیصد کی شرح سے سود ادا کرنا ہوگا۔ نئی شرح یکم نومبر سے نافذ ہو گئی ہے۔ ایس بی آئی کسٹمر اے ٹی ایم سے صرف 20 ہزار روپئے نکال پائیں گے۔ یکم نومبر سے انڈین ریلوے کی ایک سہولت شروع ہوئی ہے۔ جس کے تحت اب لوگوں کو گھنٹوں قطار میں نہیں انتظارنہیں کرنا پڑے گا۔ ریل ٹکٹ کاؤنٹر پر لگنے والی لمبی قطار کوذہن میں رکھتے ہوئے یکم نومبر سے پورے ملک میں یو ٹی ایس موبائل ایپ کی شروعات کی گئی ہے۔ اس سہولت کے شروع ہونے کے بعد آپ کو ٹکٹ لینے کیلئے لائن میں لگنے کی ضرورت نہیں ہوگی تاہم اسٹیشن کے قریب یا ٹکٹ کاونٹر کے قریب تو جانا پڑے گا۔ یو ٹی ایس موبائل ایپ اینڈرائڈ، آئی او ایس اور ونڈوز فون تینوں ہی ٹکنالوجیز پر کام کریگا۔ اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد آپ کو اس پر یوزر آئی ڈی اور پاس ورڈ بنانا ہوگا۔ پاس ورڈ ایسا ہو کہ آپ کو یاد رہے۔ اس کے استعمال کیلئے یہ ضروری ہے کہ جب آپ ٹکٹ کی بکنگ کریں تو آپ کو اسٹیشن سے قریب 25 سے 30 میٹر کی دوری پر رہنا ضروری ہے۔ اس سہولت سے آپ صرف 4 ٹکٹ ہی خرید سکیں گے۔اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے گاہک اور اے ٹی ایم صارفین کیلئے بھی خبر ہے۔ ایس بی آئی نے 3 اکتوبر 2018 سے اے ٹی ایم سے نقد نکالنے کی نئی حد نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا اور اب ایس بی آئی کا کلاسک اور ماسٹر ڈیبٹ کارڈ ہولڈر 31 اکتوبر سے صرف 20 ہزار روپئے ہر روز نکال پارہے ہیں۔ علاوہ ازیں مودی حکومت نے دیوالی سے قبل عوام کو کوئی تحفہ تو نہیں دیا بلکہ غریب عوام پر مہنگائی کا پٹاخہ ضرورچھوڑا گیا ہے۔ مسلسل بڑھ رہی مہنگائی کے درمیان ایل پی جی سلنڈر کی قیمت ایک مرتبہ پھر بڑھا دی گئی ہے۔ غیر سبسیڈی کے حامل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 60 روپے کا اضافہ ہوا ہے جبکہ سبسیڈی والے سلنڈر کی قیمت 2.94 روپے بڑھی ہے۔ یہاں قابل غور یہ ہے کہ ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں گزشتہ پانچ مہینے میں 6 مرتبہ اضافہ ہو چکا ہے۔انڈین کارپوریشن کے تازہ بیان کے مطابق سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت یکم نومبر کی درمیانی شب سے 502.40 روپے سے بڑھ کر 505.34 روپے فی سلنڈر ہو گیا ہے۔ بغیر سبسیڈی والے سلنڈر کی قیمت تقریباً 880 روپے تھی جو اب بڑھ کر تقریباً 940 روپے ہو گئی ہے۔ انڈین کارپوریشن نے اپنے بیان میں بڑھی قیمتوں سے متعلق کہا ہے کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ کے سبب ہوا۔