دہلی کے اے ٹی ایم سے 2000 روپئے کے نوٹ چلڈرن بینک آف انڈیا تحریر کے ساتھ برآمد

نئی دہلی ۔ 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک شخص جو سنگم وہار کے اے ٹی ایم سے رقم حاصل کرنے گیا تھا، اسے 2000 روپئے کے چار نوٹ ان پر ’’چلڈرن بینک آف انڈیا‘‘ تحریر کے ساتھ دستیاب ہوئے۔ پولیس کے بموجب روہت کمار چھترپور کے ایک کال سنٹر میں برسرکار ہے۔ اس نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا سنگم وہار کے اے ٹی ایم سے 6 فبروری کو رقم حاصل کی تھی جس میں 2000روپئے کے چار نوٹوں پر ’’چلڈرن بینک آف انڈیا‘‘ تحریر تھا۔ پولیس کے بموجب یہ تمام نوٹ بچوں کے کھیلنے کے نوٹ ہیں۔ قانون تعزیرات ہند کی دفعات 406، 409، 420 کے تحت اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ ایک سینئر پولیس عہدیدارنے کہا کہ بینک نے محمد عیسیٰ کو اس کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔