نئی دہلی 4 جنوری (یو این آئی) دہلی میں آج علی الصبح گھنے کہرے کی وجہ سے ہوائی ٹریفک متاثر رہا۔دہلی ہوائی اڈے پر صبح کچھ وقت تک حدبصارت 50 میٹر سے کم تھی۔ اس دوران ماسکو سے آنے والے ایک ہوائی جہاز کو ممبئی میں اتارا گیا۔ کچھ پروازوں کی روانگی میں بھی تاخیر ہوئی۔ گذشتہ 31دسمبر اور یکم جنوری کو بڑے پیمانے پر پروازوں کے متاثر ہونے کے بعد ایئر لائنز کی جانب سے بہتر انتظام کی وجہ سے آج دھند کا اثر کم رہا۔ صبح حدبصارت میں بھی بہتری کا فائدہ ملا۔
وادی ٔ کشمیر اور لداخ میں شدید سردی ، ڈل جھیل جزوی طور پر منجمد
سرینگر۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں غیرمعمولی اضافہ کیا جارہا ہے اور گرمائی دارالحکومت سرینگر میں منگل اور چہارشنبہ کی درمیانی شب میں کم سے کم درجہ حرارت (-4.1) ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ منفی درجہ حرارت کے باعث وادی میں کئی ایک آبی ذخائر بشمول شہرۂ آفاق ڈل جھیل کو چہارشنبہ کی صبح جزوی طور پر منجمد پایا گیا۔ اس کے علاوہ کچھ ایک علاقوں میں پینے کے پانی کی سپلائی لائینس بھی منجمد ہوگئی ہیں جس کے باعث ایسے علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر ہوکر رہ گئی ہے۔ تاہم پورے جموں و کشمیر میں سب سے زیادہ سرد ترین مقام لداخ کا سرحدی قصبہ کارگل ثابت ہوا جہاں کم سے کم درجہ حرارت (-20.6) ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسرے مقام پر لیہہ ثابت ہوا جہاں کم سے کم درجہ حرارت (-16.6) ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ میں بیشتر آبی ذخائر جمے ہوئے ہیں۔