دہلی میں پٹرول 81 روپئے ،دیگر ریاستوںمیں مزید بُرا حال

ڈیزل کی قیمت قومی دارالحکومت میں 73 اور ممبئی میں اب تک کی سب سے اونچی 77.58 روپئے فی لیٹر

نئی دہلی ، 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پٹرول کی قیمت جمعرات کو دہلی میں 81 روپئے فی لیٹر کے نشانہ تک پہنچ گئی اور ڈیزل کی شرحیں 73 روپئے سے تجاوز کرگئیںجبکہ روپیہ کی قدر میں گراوٹ اور خام تیل کی بڑھتی شرحوں کے امتزاج نے ایندھن کی قیمتوں کو مسلسل بڑھانا جاری رکھا ہے۔ ایک روزہ توقف کے بعد ایندھن کی قیمتوں کا اُچھال جمعرات کو دوبارہ شروع ہوگیا جس میں پٹرول کی قیمت 13 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 11 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی، سرکاری ملکیتی آئیل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں کے اعلامیہ سے یہ بات معلوم ہوئی۔ دہلی میں پٹرول کی قیمت بڑھ کر 81 روپئے فی لیٹر ہوگئی جبکہ ڈیزل آگے بڑھ کر اب تک کی سب سے اونچی شرح 73.08 روپئے پر پہنچ گئی۔ تمام میٹرو شہروں اور زیادہ تر ریاستی دارالحکومت شہروں میں دیکھیں تو دہلی میں ایندھن کی شرحیں سب سے سستی ہیںجس کی وجہ سے کمتر ٹیکسیس ہیں۔ ممبئی میں سب سے زیادہ سیلز ٹیکس یا ویاٹ (VAT) ہیں۔ ممبئی میں ایک لیٹر پٹرول اب 88.39 روپئے میں دستیاب ہے اور ڈیزل کی قیمت 77.58 روپئے فی لیٹر ہے۔ آئیل کمپنیوں کے مطابق پٹرول کی ریفائنری گیٹ پرائس کسی سنٹرل یا اسٹیٹ ٹیکس اور ڈیلر کے کمیشن کو ملحوظ رکھے بغیر 40.49 روپئے فی لیٹر ہے۔ یہی قیمت ڈیزل کیلئے 44.32 روپئے ہے۔ ریٹیل شرحوں کا تعین اکسائز ڈیوٹی جوڑنے کے بعد ہوتا ہے، جو مرکزی حکومت عائد کرتی ہے، پھر پٹرول پمپس کو ملنے والا کمیشن جوڑا جاتا ہے اور پھر ویاٹ جو ریاستی حکومتیں عائد کرتی ہیں۔ پٹرول پر ڈیلر کا کمیشن موجودہ طور پر 3.34 روپئے اور ڈیزل پر 2.52 ہے۔ وسط اگست سے پٹرول کی قیمت میں 3.92 روپئے اور ڈیزل میں 4.31 روپئے فی لیٹر اضافہ ہوچکا ہے۔