دہلی میں پانچ منزلہ عمارت منہدم ، سات ہلاک، متعدد زخمی

نئی دہلی ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمال مغربی دہلی کے اشوک ویہار میں آج ایک پانچ منزلہ عمارت منہدم ہوگئی جس کے نتیجہ میں سات افراد بشمول دو خواتین اور چار بچے ہلاک اور دیگر سات زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو دین چند بندھو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے، جہاں ایک خاتون کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ اس عمارت کے گراؤنڈ فلور پر واقع ایک دوکان انہدام کے وقت بند تھی۔ پہلی منزل مخلوعہ تھی۔ دوسری منزل پر ایک خاندان مقیم تھا۔ مہلوک بچوں میں 10 سال کی عمر کے دو بھائی بھی شامل ہیں۔ تیسری منزل پر دو خاندان مقیم تھے اور مہلوکین میں اس منزل کے ایک گھر میں رہنے والی ایک خاتون شامل ہے۔ دوسرے گھر کے خاندان کے دو بچے فوت ہوئے ہیں۔ چوتھی منزل پر ایک جوڑا نانتھورام اور نیشا رہتے تھے۔ نیشا کی حالت تشویشناک ہے۔ دواخانہ میں زیرعلاج ایک زخمی ویملیش نے کہا کہ جیسے ہی میں گھر پہنچا، چند میٹر آگے ہی بڑھا تھا کہ ایک زوردار آواز سنائی دی اور میں فوراً پلٹ گیا۔ میں نے دیکھا کہ یہ عمارت تاش کے پتوں کی طرح بیٹھ گئی۔ میں اپنے ارکان خاندان کی حالت کے بارے میں واقفیت کا منتظر ہوں۔ مقامی افراد نے کہا کہ اس عمارت کے قریب شیشم کا درخت تھا جو عمارت کے ساتھ گر پڑا۔