نئی دہلی۔6 دسمبر ( سیاست ڈاٹ کام )دہلی کے سروجنی نگر علاقہ میں جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کے طالب علم کی نعش مشتبہ حالت میں ایک کار سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کا ماننا ہے کہ یہ خودکشی کا واقعہ ہے لیکن طالب علم کے سرپرست اسے قتل کا واقعہ قرار دے رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دہلی کے سبھاش نگر علاقہ کا بی اے کا 22 سالہ طالب علم رضوان خان جو ریاستی سطح کا ہاکی پلیر بھی ہے پیر کے روز ہاکی کے پریکٹس کیلئے گھر سے روانہ ہوا تھا لیکن منگل کے دن بھی واپس گھر نہیں آیا۔رضوان کی خون میں لت پت نعش ایک کار سے برآمد ہوئی جس کے کنپٹی پر گولی لگی ہوئی تھی پولیس نے گھر والوں کو اس کی اطلاع دی۔ایک اور ذرائع نے بتایا کہ رضوان ایک خاتون سے محبت کرتا تھا اس سے ملاقات کیلئے وہ اس کے مکان گیا تھا لیکن وہ مکان میں موجود نہیں تھی یہ واقعہ خودکشی کا ہے یا قتل کا پولیس تحقیقات کررہی ہے۔
گریٹر نوئیڈا :ماں بیٹی کا سفاکانہ قتل
گریٹر نوئیڈا۔ 6دسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے گوتم بدھ نگر کے تھانہ بسرکھ علاقہ کے گریٹر نوئیڈا ویسٹ کے گور سٹی -2 میں ایک ماں اور اس کی معصوم بیٹی کا انتہائی وحشیانہ انداز میں بیٹ سے پیٹ پیٹ کر قتل کا اندوہناک واقعہ سامنے آیا ہے ۔مہلوکین کے نام انجلی اگروال اور منی کنکا ہے ۔ پولیس اس واقعہ کو لوٹ مارکی واردات سے انکار کر رہی ہے ۔ خاندان میں 6 رکن بتائے جاتے ہیں جس میں ایک بیٹا واقعہ کے بعد سے غائب ہے۔ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ پریم کمار نے بتایا گزشتہ رات گریٹر نوئیڈا کے مذکورہ علاقہ میں واقع گور سٹی- 2 کے 11 ایونیو کے فلیٹ نمبر 1446 میں انجلی نامی خاتون اپنے کنبہ کے ساتھ رہتی تھی ۔گزشتہ شب پولیس نے ایک رشتہ دار کی اطلاع کی بنیاد پر مکان کا دروازہ توڑ دیکھا تو اندر پلنگ پر ماں بیٹی کی نعش پڑی تھی۔ خاتون کا بیٹا پرکھر عرف راگھو (15)، جو میور پبلک اسکول میں دسویں کلاس کا طالب علم ہے ، واقعہ کے بعد سے غائب بتایا جا رہا ہے ۔