خصوصی مہمان آسیان قائدین کی شرکت کے پیش نظر حکام کی اضافی چوکسی، پولیس کا بیان
نئی دہلی ، 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قومی دارالحکومت کو یوم جمہوریہ تقاریب اور 10 آسیان لیڈروں کے یہاں نامی گرامی چوٹی اجلاس کیلئے دورے کے تناظر میں زمین سے فضاء تک سخت سکیورٹی کے تحت کیا گیا ہے، ایک سینئر پولیس عہدہ دار نے آج یہ بات کہی۔ یوم جمہوریہ کیلئے دہلی اور شہر کے پڑوسی علاقوں میں سخت نگرانی رکھتے ہوئے ہزاروں مسلح پرسونل کو متعین کردیا گیا ہے تاکہ کل جمعہ کو تقاریب کے پُرسکون انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے۔ عہدہ دار نے کہا کہ اضافی سکیورٹی پرسونل کو اونچی عمارتوں پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ طیارہ شکن توپوں کو بھی تیاری کی حالت میں رکھا جارہا ہے۔ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور کیمروں کے کام کی نگرانی کیلئے کنٹرول رومس قائم کئے گئے ہیں۔ پولیس عہدیداران کلیدی مقامات پر سخت چوکسی برت رہے ہیں۔ مارکیٹ کے تمام مقامات کو بھی الرٹ کردیا گیا اور دہلی پولیس کی ٹیمیں سکیورٹی انتظامات کی مسلسل جانچ کررہے ہیں۔ پولیس نے مارکیٹ کے کلیدی علاقوں میں ڈاگ اسکواڈز بھی لگادیئے ہیں۔ پولیس والوں کی رخصتیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ سارے وسطی اور نئی دہلی خطہ میں لگ بھگ 50,000 سکیورٹی پرسونل ہوں گے جنھیں دہلی پولیس اور سنٹرل سکیورٹی فورسیس سے لیا گیا ہے۔ کئی مرحلوں پر مبنی سکیورٹی لگائی گئی ہے اور دہلی پولیس پرسونل کے ساتھ نیم فوجی اور این ایس جی کمانڈوز بھی متعین کئے گئے ہیں۔ دورہ کنندہ آسیان قائدین آج یہاں آسیان چوٹی اجلاس میں شرکت کے بعد کل یہاں یوم جمہوریہ پریڈ میں مہمانان خصوصی ہوں گے۔ اسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ ایشین نیشنس (ASEAN) ہمہ رخی ادارہ ہے جس میں تھائی لینڈ، انڈونیشیا، سنگاپور، برونی، لاؤس، میانمار، کمبوڈیا، ملائیشیا، فلپائن اور ویتنام شامل ہیں۔
اہل افراد ووٹرس کا رجسٹریشن کرائیں‘وزیراعظم کی اپیل
نئی دہلی ، 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے ووٹ دینے کے اہل تمام لوگوں سے اپنا رجسٹریشن کرالینے کی اپیل کی ہے تاکہ ہندوستانی جمہوریت کو مضبوط بنایا جاسکے۔ آج نیشنل ووٹرس ڈے کے موقع پر مودی نے الیکشن کمیشن کو اس کے قیام کے ایک اور سال کی تکمیل پر مبارکباد بھی دی۔ 1950ء میں ہندوستان جمہوریہ بننے سے ایک روز قبل آج ہی کے دن الیکشن کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔