دہلی شدید سردی اور کہر، 300 فلائٹس میں تاخیر

ایرپورٹ پر افراتفری کا ماحول، 56 طیاروں کی آمدورفت بھی متاثر
نئی دہلی۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سال نو کی پہلی صبح دہلی والے گھنے کہر کے درمیان اپنی نیند سے بیدار ہوئے۔ حد بصارت 50 میٹر سے بھی کم سطح تک گھٹ جانے کے سبب درجنوں طیاروں کی پروازیں معطل کردی گئیں اور ہزاروں مسافر ایرپورٹس پر کئی گھنٹوں تک پھنس گئے۔ دہلی اور شمال ہند کے دیگر علاقوں میں شدید سردی کی لہر اور کہر کے نتیجہ میں ٹرین خدمات بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ دہلی ایرپورٹس سے آج 6 بجے صبح تمام قومی و بین الاقوامی پروازیں معطل کردی گئیں جو 11 بجے دن سے کچھ پہلے بحال ہوسکیں۔ کمزور بصارت کے سبب 300 طیاروں کی پروازیں تاخیر کاشکار ہوئیں جن میں 256 قومی اور ماباقی بین الاقوامی پروازیں تھیں۔ 8 طیاروں کی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کے سبب دہلی ایرپورٹ پر افراتفری جیسا ماحول دیکھا گیا۔ طیاروں میں جلد سوار ہونے کیلئے بے چین مسافرین کا مختلف مقامات پر ہجوم دیکھا گیا جس میں شامل مرد و خواتین اور بچے ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنے کی کوشش میں مصروف تھے۔ مسافرین نے واضح اعلانات کے ذریعہ معلومات فراہم نہ کئے جانے پر برہمی کا اظہار کیا۔ اکثر کاؤنٹرس پر مسافرین کی طویل قطاریں دیکھی گئیں اور چند مسافرین، کاؤنٹر اسٹاف پر بحث و تکرار کرتے ہوئے نظر آئے۔ تکنیکی اعتبار سے طیاروں کی پرواز کیلئے 125 حد بصارت اور لینڈنگ کے لئے 50 فیصد بصارت درکار ہوتی ہے۔ اس دوران شمالی ریلویز نے کہا کہ ناسازگار موسم کے سبب قومی دارالحکومت کی طرف آنے والی 56 ٹرینس تاخیر کاشکار ہوئیں۔ 20 ٹرینوں کے اوقات پر نظرثانی کی گئی۔ دیگر 15 ٹرینس منسوخ کردی گئیں۔